واشنگٹن ۔16فروری (اے پی پی):امریکانےدعوی کیا ہےکہ اس نے ایران سے آنے والے جدید روایتی ہتھیاروں اور مہلک امداد کی ایک کھیپ ضبط کر لی ہے۔العربیہ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں امریکی سینٹرل کمانڈ نےایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یہ کھیپ گزشتہ 28 جنوری کو بحیرہ عرب میں ضبط کی گئی تھی جسے یمن میں حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں کی طرف لے جایا جا رہا تھا۔
سینٹ کام نے اسلحہ کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس کھیپ میں درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کے اجزا، دھماکہ خیز مواد، بغیر پائلٹ سمندری ڈرون کے اجزا، مواصلاتی آلات اور فوجی نیٹ ورکس، اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل لانچر کٹس اور دیگر فوجی اجزا شامل تھے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر مائیکل ایرک کوریلا کے حوالے سے کہا گیا کہ یہ خطے میں ایران کی بدنیتی پر مبنی سرگرمیوں کی ایک اور مثال ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر خطے میں امریکی اور اقوام متحدہ کی پابندیوں سمیت تمام جائز طریقوں سے اور مداخلتی کارروائیوں کے ذریعے ہلاکت خیز ایرانی امداد کے بہاؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ایران کی طرف سے حوثیوں کو جدید روایتی ہتھیاروں کی مسلسل فراہمی بین الاقوامی قانون کی براہ راست خلاف ورزی ہے۔
یہ صورتحال بین الاقوامی جہاز رانی کے تحفظ اور تجارت کے آزادانہ بہاؤ کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ واضح رہے کہ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے بحیرہ احمر میں عالمی جہاز رانی کی آمدورفت میں خلل پڑا ہے کیونکہ حوثی گروپ تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔