اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون ، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر حکومتِ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کی حقِ خودارادیت کے لئے جاری جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتی ہے، کشمیری عوام کئی دہائیوں سے جبر و استبداد کا سامنا کر رہے ہیں تاہم ان کا عزم اور حوصلہ بدستور غیر متزلزل ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے، وہ منظم ریاستی جبر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا شکار ہیں، پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ اور ان کے جائز مطالبات کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا، حقِ خودارادیت کوئی رعایت نہیں بلکہ ایک تسلیم شدہ بنیادی انسانی حق ہے جسے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری نے تسلیم کر رکھا ہے، کسی بھی جبر و طاقت کے ذریعے آزادی کی جدوجہد کو ہمیشہ کے لئے دبایا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی خاموشی توڑ کر مظلوم کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرے اور ان کے مصائب کے خاتمے کے لئے مؤثر اقدامات کرے، آج کے دن ہم کشمیری عوام کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ان کے ساتھ ہے اور ہمیشہ رہے گا، جب تک کہ انصاف اور حقِ خودارادیت کا خواب حقیقت نہ بن جائے۔