31 C
Islamabad
جمعہ, مئی 16, 2025
ہومضلعی خبریںحکومتِ پنجاب کا16 مئی بروز جمعہ کو "یومِ تشکر" جوش و خروش...

حکومتِ پنجاب کا16 مئی بروز جمعہ کو "یومِ تشکر” جوش و خروش و جذبے سے منانے کا اعلان

- Advertisement -

لاہور۔15مئی (اے پی پی):حکومتِ پنجاب نے 16 مئی بروز جمعہ کو صوبہ بھر میں ’’یومِ تشکر‘‘ بھرپور جوش و خروش اور قومی فخر کے جذبے کے ساتھ منانے کا اعلان کیا ہے، یہ دن پاکستان کی بھارت کے خلاف شاندار فتح کی خوشی میں منایا جا رہا ہے، جس پر پوری قوم اللہ تعالی کے حضور شکر گزار ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ کو یومِ تشکر کے شایانِ شان انتظامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،یومِ تشکر کا آغاز صبح توپوں کی سلامی سے کیا جائے گاجبکہ صوبے کی تمام بڑی مساجد میں نمازِ فجر کے بعد قرآن خوانی اور دعائیہ تقریبات منعقد ہوں گی، ضلعی و ڈویژنل سطح پر اظہارِ تشکر کے لیے خصوصی تقریبات ہوں گی،جن میں سیاسی و سماجی شخصیات شرکت کریں گی۔یومِ تشکر کی مرکزی تقریب شام 7 بجے لاہور میں منعقد ہو گی جس میں شہدا کے اہلِ خانہ، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات، سول و عسکری افسران اور عوامی نمائندگان شریک ہوں گے۔ اس موقع پربڑے سرکاری دفاتر، عمارتوں، یادگاروں اور نمایاں مقامات پر چراغاں کیا جائے گا جبکہ تمام تعلیمی اداروں میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوں گی۔

- Advertisement -

یادگارِ شہدا پر چادر چڑھانے کی تقریبات بھی ہوں گی، جن میں مقامی ایم این ایز، ایم پی ایز، سول سوسائٹی، سینئر سول و عسکری افسران شرکت کریں گے، شہدا کے اہلِ خانہ سے خصوصی ملاقاتوں کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔یومِ تشکر کے موقع پر تمام بڑی مساجد میں نمازِ جمعہ کے خطبے میں اس دن کی اہمیت اور قومی اتحاد پر روشنی ڈالی جائے گی،سرکاری و نجی عمارتوں، دفاتر، شاہراہوں اور عوامی مقامات پر قومی پرچم آویزاں کیا جائے گا جبکہ صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر یومِ تشکر کی ریلیاں نکالی جائیں گی۔اقلیتی برادری، خصوصا مسیحی، ہندو اور سکھ برادری کی جانب سے بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا،اس سلسلہ میں سکھ برادری کی طرف سے کرتارپور میں ایک بڑی تقریب منعقد ہوگی، جس میں افواجِ پاکستان سے یکجہتی اور قومی اتحاد کا پیغام دیا جائے گا۔محکمہ داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تمام تقریبات اور مقامات پر فول پروف سکیورٹی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ترجمان کے مطابق یومِ تشکر صرف ایک دن کی تقریب نہیں بلکہ یہ قومی وحدت، قربانیوں کی قدر اور اللہ تعالی کی عطا کردہ کامیابیوں پر اجتماعی اظہارِ تشکر کا دن ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597481

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں