حکومتیں اور بین الاقوامی برادری صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

107

اقوام متحدہ۔3نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے آزادی صحافت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے حکومتوں اور بین الاقوامی برادری سےمطالبہ کیا ہے کہ وہ ہمیں ہر وقت باخبر رکھنے اور معلومات فراہم کرنے والےصحافیوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کریں۔

انہوں نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے لیے استثنیٰ کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ صحافیوں کے اہم کردار کے باوجو رواں سال 70 سے زیادہ صحافی جاں بحق ہو چکے ہیں۔اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ صحافیوں کے خلاف زیادہ تر جرائم ابھی تک حل طلب ہیں اور آج ریکارڈ تعداد میں صحافیوں کودھمکیوں کے ساتھ قید کیا جاتا ہے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دن ہمیں میڈیا ورکرز کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے اور سچ ،انصاف اور ہر فرد کے انسانی حقوق کے لیے کھڑے ہونا چاہیے۔ انہوں نے آزادی صحافت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت، غلط کاموں یا خامیوں کو بے نقاب کرنے، ہماری پیچیدہ دنیا کو رہنمائی فراہم کرنے اور پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) کو آگے بڑھانے کے لیے مزید منصفانہ، مساوی اور ماحول دوست مستقبل بہت ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ غلط معلومات میں اضافہ، آن لائن ہراسگی اور نفرت انگیز تقاریر خاص طور پر خواتین صحافیوں کے خلاف دنیا بھر میں میڈیا ورکرز کو دبانے میں کردار ادا کر رہی ہے۔قانونی، مالی اور دیگر ذرائع کے غلط استعمال کے ذریعے دھمکیاں طاقتور کو جوابدہ بنانے کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہے اور یہ رجحانات نہ صرف صحافیوں بلکہ پورے معاشرے کے لیے خطرہ ہیں لہذا حکومتیں اور بین الاقوامی برادری صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔