حکومتی اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شبانہ روز محنت سے عاشورہ پر امن گزرے گا، وزیر داخلہ محسن نقوی

64
Federal Interior Minister
Federal Interior Minister

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ انشاء اللہ حکومتی اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شبانہ روز محنت سے عاشورہ پر امن گزرے گا، دشمن کے ناپاک عزائم نہ پہلے کامیاب ہوئے اور نہ اب ہوں گے،فتنہ الہندوستان کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل چوکس ہیں- ترجمان وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملک بھر میں 9 ویں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں،

اسلام آباد سمیت پنجاب،خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں آج 2763 جلوسوں اور 7598 مجالس کا انعقاد کیا جارہاہے ، انتہائی حساس قرار دیئے 1129 علاقوں میں غیر معمولی سکیورٹی اقدامات اور ڈرونز و سی سی ٹی کیمروں سے نگرانی جاری ہے- وفاقی حکومت کے مرکزی مانیٹرنگ سیل سے 7 /24 نگرانی جاری ہے، صوبائی حکومتوں کے ساتھ موثر کوآرڈینیشن ہے، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت طلال چوہدری اور سیکرٹری داخلہ خرم آغا خود تمام مانیٹرنگ کے عمل کی نگرانی و کوآرڈینیشن میں مصروف عمل ہیں –

وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد میں آج 61 مجالس اور 17 جلوس، پنجاب میں 3805 مجالس اور 1677 جلوس نکالے جا رہے ہیں- سندھ میں عزادار 1207 مجالس 644 جلوس اور خیبر پختونخوامیں 939 مجالس و 261 جلوس نکالے جا رہے ہیں- بلوچستان میں 115 مجالس، 11 جلوس، گلگت بلتستان میں 1290 مجالس، 111 جلوس اور آزاد کشمیر میں 181 مجالس، 42 جلوس انعقاد پذیر ہوں گے- 9 ویں محرم الحرام پر امن عامہ یقینی بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل الرٹ ہیں – قیام امن کیلئے صوبائی حکومتوں نے مشاورت سے سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے -مذہبی منافرت اور فرقہ وارانہ بیانات پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے-

مرکزی کنٹرول روم کے ساتھ صوبائی سطح پر کنٹرول رومز فعال کئے گئے ہیں -وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر مذہبی اشتعال انگیزی کسی صورت نہ پہلے برداشت کی اور نہ آئندہ برداشت کی جائے گی۔ امن و امان برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل چوکس ہیں۔ انشاءاللہ حکومتی اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شبانہ روز محنت سے عاشورہ پر امن گزرے گا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم نہ پہلے کامیاب ہوئے اور نہ اب ہوں گے۔