اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):توانائی اور دیگر درآمدات میں کمی اور زری و مالیاتی استحکام و نمو کیلئے حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں جولائی کے مہینے میں حسابات جاریہ کے خسارہ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جولائی میں تجارتی خسار ہ میں سالانہ بنیادوں پر 2 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی کے مہینے میں ملک کے تجارتی خسارہ میں سالانہ بنیادوں پر 2 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، جولائی میں تجارتی خسارہ کا حجم 3.35 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ سال جولائی میں 3.42 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
جون کے مقابلہ میں جولائی میں تجارتی خسارہ میں 27 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جون میں تجارتی خسارہ کا حجم 4.580 ارب ڈالر تھا جو جولائی میں کم ہو کر 3.42 ارب ڈالر ہو گیا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں جولائی کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 75 فیصدکی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
جولائی میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ1.2ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جون 2022 ء کے مقابلہ میں 75 فیصدکم ہے۔جون میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ 2.2 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا۔ ترجمان سٹیٹ بینک کے مطابق توانائی اور دیگر درآمدات میں کمی کی وجہ سے حسابات جاریہ کے خسارہ میں کمی آئی ہے۔
حکومت نے درآمدات میں کمی اور پائیدار نمو کیلئے گزشتہ کئی مہینوں سے اقدامات کا سلسلہ شروع کیا ہے۔حکومت سخت زری و مالیاتی پالیسی،مالیاتی نظم و ضبط اور بعض عارضی نوعیت کے اقدامات اٹھارہی ہے۔ جولائی کے دوران ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر 8 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جولائی میں ترسیلات زر کا حجم 2.524 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ سال جولائی میں 2.736 ارب ڈالر تھا۔
براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں جولائی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 74 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جولائی میں ملک میں 25 ملین ڈالر کی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ سال جولائی میں 95 ملین ڈالر تھی۔ پرائمری بیلنس میں 39 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جولائی میں پرائمری بیلنس 403 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ سال جولائی میں 289 ملین ڈالر تھا۔
جون کے مقابلہ میں جولائی میں پرائمری بیلنس میں 10 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جون میں پرائمری بیلنس 446 ملین ڈالر تھا جو جولائی میں کم ہو کر 403 ملین ڈالر ہو گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق ملکی برآمدات میں جولائی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد جبکہ درآمدات میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔