اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):کنوینئرپارلیمانی ٹاسک فورس برائے ایس ڈی جیز بلال اظہر کیانی نے کہا ہے حکومتی اقدامات کی بدولت ملکی معیشت استحکام کے بعدترقی کی راہ پرگامزن ہے،پی ٹی آئی کے ملک کے خلاف تمام حربے پہلے کی طرح پھرناکام ہوں گے اور پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کی نیوز کانفرنس جھوٹ پرمبنی تھی،پی ٹی آئی کواسمبلی میں بات کرنے کا بھرپورموقع دیاجاتاہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ غلط تاثر پیش کیا جاتا ہے کہ پی ٹی آئی کو ایوان میں بات نہیں کرنے دی جاتی حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ایوان میں لیڈر آف دی اپوزیشن عمر ایوب خان جتنی کسی نے بھی بات نہیں کی اکثر وہ فلور پر کارروائی کو ڈسٹرب بھی کر دیتے ہیں ،قومی اسمبلی میں سوال و جواب کے سیشن کے دوران پی ٹی آئی اراکین فلور چھوڑ کر چلے گئے تھے اور بعد میں اپنی بات کرنے کے لئے آگئے تو ان سے کہا گیا کہ ایجنڈا مکمل کرنے کے بعد آپ کو بات کرنے کا موقع دیا جائے گا، عوامی نوعیت کے مسائل جس پر بات ہونا ہوتی ہے وہ نہیں آتے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کوپارلیمنٹ میں عوامی ایشوزپربات کرنی چاہئے جبکہ پی ٹی آئی کوعوامی مسائل کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
بلال اظہرکیانی نے کہا کہ پی ٹی آئی والے صرف اپنی سیاست کی بات کرتے ہیں،ان کوعوامی مسائل کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے،یہ پارلیمنٹ میں صرف شورشرابہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایک ممبر شیر افضل مروت نے ایوان میں کھڑے ہو کر اپنی جماعت پر تنقید کے تیر برسائے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک مجرم کو رہا کرانے کے لئے شور کرتی ہے، انہیں اڈیالہ سے حکم آیا ہوا ہے کہ اسمبلی میں عوامی ایشو پر بات نہیں ہونی چاہئے، صرف شور شرابا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کوجعلی کہنے والے کس منہ سے تنخواہیں وصول کرتے ہیں؟پارلیمنٹ پرتنقیدکرنے والے ماضی میں بھی تنخواہیں وصول کرتے رہے۔
بلال اظہرکیانی نے کہا کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے مذاکرات کے وقت بھی غیرسنجیدگی کامظاہرہ کیا،پی ٹی آئی نےہمیشہ سیاسی ڈائیلاگ سے راہ فراراختیارکی،اس نے اپنے سیاسی مفادکیلئے اداروں پرحملے کئے،پی ٹی آئی نے ہمیشہ ملکی مفادات کے خلاف سازشیں کیں،بلال اظہرکیانی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جان بوجھ کرملک کودیوالیہ کرنے کی کوشش کی،
پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف کوخطوط ملک کے خلاف سازش ہیں، یہ لوگ ملک کو تباہی کی طرف دھکیلنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں ، ان کی سول نافرمانی کی کال بھی بری طرح ناکام ہوئی ،پی ٹی آئی کی خام خیالی ہے کہ ملک جس ترقی کی راہ پر گامزن ہوا اسے روکا جا سکتا ہے ایسا نہیں ہو گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمان کی تنخواہیں بہت عرصے بعد بڑھنے جا رہی ہیں اس میں کوئی بری بات نہیں ہے ۔