حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی کی شرح میں کمی آئی،مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ معیشت کی بہتری کیلئے کام کیا، بلال اظہر کیانی

78
bilal azhar kyani

لاہور۔7ستمبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن ) کے مرکزی رہنما بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی کی شرح میں کافی حد تک کمی آئی ہے،مسلم لیگ ن نے ہمیشہ معیشت کی بہتری کیلئے کام کیا،عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ماڈل ٹائون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ جب بھی مسلم لیگ ن نے اقتدار سنبھالا تواس نے ملکی معیشت کی بہتری کیلئے دن رات کام کیا،جس ملک کی معیشت بہتر ہو،اس ملک کا دفاعی نظام مضبوط ہوتا ہے ،ہم پاک فوج کے ان شہدا کوخراج عقیدت اور سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کی سلامتی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور دشمن کو ہر محاذ پر پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا ۔

انہوں نے کہا کہ 2013 سے2017 تک مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں محمد نواز شریف نے بطور وزیراعظم پاکستان کو بحرانوں کی دلدل سے نکالا،معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا ،ملک سے دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا،ڈالر کو کنٹرول اور روپے کی قدر میں استحکام پیدا کیالیکن پی ٹی آئی نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق اور ملک کو اس نہج پر پہنچا دیا کہ خدا نخواستہ پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر محمد نواز شریف کی حکومت کو ختم نہ کیا جا تا تو آج ہمیں کسی آئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضرورت نہ پڑتی ، پی ٹی آئی دور میں ملکی معیشت کے ساتھ گھنائونا کھیل کھیلا گیا ، اسے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا اور آئی ایم ایف معاہدے کو توڑا ۔بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت مہنگائی کی شرح میں کافی حد تک کمی واقع ہو ئی ہے ،ڈالر کنٹرول اورروپے کی قدر میں استحکام ہو رہا ہے ،روٹی کی قیمت میں کمی ہو ئی ہے،پالیسی ریٹ میں کمی ہونے سے کاروبار کرنے میں آسانی پیدا ہورہی ہے جبکہ آنے والے دنوں میں پالیسی ریٹ میں مزید کمی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی بلوں میں عوام کو ریلیف دیا جا رہا ہے ،

وزیر اعلی مریم نواز نے بجلی کے بلوں میں 14روپے فی یونٹ عوام کو ریلیف دیا جبکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بھی اربوں روپے کا ریلیف عوام کو بجلی بلوں میں دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستانی معیشت درست سمت کی جانب گامزن اور عالمی اداروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے ،حکومت نے 132 ارب روپے کے ری فنڈز ریلیز کئے ہیں ،برآمدات کا فروغ حکومتی ترجیحات میں شامل ہے ،2029 تک ملکی معیشت کو 98 بلین ڈالر تک لے کر جائیں گے ، مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آ گئی ہے ،عالمی ادارے فچ اور موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ کو بہتر قرار دیا ہے، عوام کومزید ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آ ئی کے دور میں اسرائیل سے تعلقات بڑھانے کے لئے کوششیں کی گئیں، وہ اسرائیل جو غزہ میں فلسطینیوں کی نشل کشی کر رہا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کے نظام میں بہتری لانے کیلئے لانگ ٹرم منصوبے بنا رہی ہے ،آ ئی پی پیز کے کنٹریکٹس کا جائزہ لینے کی بھی ضرورت ہے ، عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

حکومتی اخراجات میں کمی کے حوالے سے سوال کے جواب میں بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے حکومتی اخراجات میں کمی ہونی چاہیے جس کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے،پہلی چھ وزارتوں میں اصلاحات لانے کیلئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے جو فیصلے کئے گئے ہیں، ان پر عمل در آمد ہونے جا رہا ہے جبکہ مزید پانچ وزارتوں میں اصلاحات لانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ در آمدات کو کم اور برآمدات کو فروغ دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ،ایکسپورٹرز کو ہر وہ ممکنہ سہولت دیں گے جس سے ملکی بر آمدات میں اضافہ اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں، بر آمدکندگان کیلئے بجلی کی قیمت کو بھی کم کریں گے۔