حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں انٹربینک میں پاکستانی روپے کے مقابلہ میں ڈالر کی قیمت میں مزید 1.78 روپے کی کمی ، سٹیٹ بینک

73
Will be open
Will be open

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):حکومت کے اقدامات کے نتیجہ میں پیر کو انٹربینک میں پاکستانی روپے کے مقابلہ میں ڈالر کی قیمت 1.78 روپے مزید کم ہو گئی، گذشتہ روز کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قیمت 302.95 روپے تھی جو 301.16 روپے تک کم ہو گئی۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی خرید و فروخت کی شرح بالترتیب 298.1 ر وپے اور 301 روپے ریکارڈ کی گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق یورو کی قیمت گزشتہ روز 324.48 روپے پر بند ہوئی تھی جو پیر کو 1.46 روپے کی مزید کمی کے بعد 323.02 روپے پر بند ہوئی جبکہ جاپانی ین بغیر کسی ردوبدل کے 2.05 روپے پر مستحکم رہا۔ اسی طرح برطانوی پاؤنڈ کی شرح تبادلہ میں ے 1.33 روپے کی کمی سے پائونڈ کی قیمت 378.50 روپے کے مقابلہ میں 377.17 روپے تک گر گئی۔

رپورٹ کے مطابق یو اے ای درہم اور سعودی ریال کی شرح تبادلہ بالترتیب 0.49 اور 0.47 روپے کی کمی سے 81.99 روپے اور 80.29 روپے پر بند ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ ڈالر کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لئے حکومت نے منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کیا ہے جو قومی معیشت کو نقصان پہنچا رہا تھا۔

کریک ڈائون کے دوران غیر قانونی معاشی سرگرمیوں میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کی نشاندہی کے بعد ا ن کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔گذشتہ چند روز کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی روپے کی قدر میں بتدریج اضافہ حکومت کی حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ ایس بی پی کے اعداد و شمار کے مطابق 5 ستمبر کو انٹربینک ٹریڈنگ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 307.09 روپے تھی اور 11 ستمبر ڈالر کی قیمت 301.16 روپے تک کم ہو چکی ہے۔

یورو کی قیمت 330.13 روپے سے کم ہو کر 323.02 روپے، برطانوی پاؤنڈ کی قیمت 385.22 روپے سے کم ہو کر 377.17 روپے ہو گئی۔ اسی طرح اماراتی درہم 83.60 روپے سے 81.99 روپے اور سعودی ریال 81.87 روپے سے 80.29 روپے تک کم ہو گئی ۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی شرح تبادلہ بالترتیب 320.8 روپے سے 298.1 روپے تک کم ہو چکی ہے ۔\395\932