حکومتی سرپرستی سے پاکستان عالمی منڈیوں میں بہتر مقام حاصل کرسکتا ہے، نجم مزاری کا مذاکرے میں اظہار خیال

5
Najam Mazari
Najam Mazari

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر آرگینک خوراک اور مصنوعات کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس سے استفادہ کےلئے حکومتی سرپرستی کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”آرگینک خوراک ، مصنوعات کا مستقبل اور پاکستان کی پیشرفت ” کے موضوع پر منعقدہ ایک مذاکرہ سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر آرگینک خوراک اور مصنوعات کے شعبے کے ماہرین اور کاشتکاروں نے بھی شرکت کی ۔ مذاکرہ میں کسانوں کو آرگینک خوراک کی کاشتکاری کے لئے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ۔

نجم مزاری نے کہا کہ پاکستان کے پاس آرگینک خوراک اور مصنوعات کی تیاری کے حوالے سے بے پناہ صلاحیت موجود ہے، سہولیات، تحقیق اور جامع پالیسی کے تحت برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں لوگ آرگینک خوراک اور مصنوعات کی خریداری کو ترجیح دے رہے ہیں خاص طور پر یورپی یونین، خلیجی ممالک اور شمالی امریکا میں ان کی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آرگینک خوراک کی سرٹیفکیشن کے لئے لیبارٹریز ، پراسیسنگ یونٹس اور خصوصاًاوربرآمدات کے حوالے سے بھرپور معاونت فراہم کرے اور اس کے لئے متعلقہ وزارتوں کو متحرک کیا جائے ، اگر حکومت سرپرستی کرے تو پاکستان عالمی مارکیٹوں میں بہتر طور پر اپنا حصہ وصول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔

مذاکرے میں شریک دیگر شرکا نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ایک جامع پالیسی مرتب کرے جس میں کسانوں کو آرگینک کاشتکاری کی جانب راغب کرنے، سرٹیفکیشن سسٹم بہتر بنانے اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے لیے اقدامات شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم آغاز میں ابھرتی ہوئی عالمی مارکیٹوں میں پیچھے رہ گئے تو قیمتی زرِمبادلہ حاصل کرنے کا ایک سنہری موقع ضائع ہو جائے گا۔