اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ مخلص اور محنتی کارکن پارٹی کا سرمایہ ہیں مسلم لیگ ایک فعال اور متحرک جماعت ہے جو ملکی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر مختلف پارٹی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
لاڑکانہ سے پارٹی کے نائب صدر بابو غلام سرور سیال، خانیوال سے مہر نعیم جوتا، گلگت سے سینئر نائب صدر دلفراز خان اور دیگر نے وفود کے ہمراہ انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی، اس موقع پر رکن قومی اسمبلی فرخ خان، مسلم لیگ سندھ کے صدر طارق حسن، نعمت خلجی، عظام چوہدری، حماد عباسی اور دیگر راہنما بھی موجود تھے۔
چوہدری سالک حسین سے پارٹی راہنماؤں نے تنظیم نو کے حوالے سے مشاورت بھی کی جبکہ اس موقع پر پارٹی راہنمائوں نے چوہدری شجاعت حسین کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا، چوہدری سالک حسین نے کہا کہ مسلم لیگ پاکستان کی بانی جماعت ہے اور ملک کی تعمیر ترقی اور عوامی خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، حکومت کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے۔