حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس، تحریک انصاف کے مطالبات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

109

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس سپیکر چیمبر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر حکومتی رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے مطالبات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم کے مشیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تحریک انصاف کے مطالبات پر جواب کی تیاری کے لیے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمیٹی مطالبات پر تحریری جواب تیار کرے گی جو حکومتی ٹیم کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام سے متعلق حتمی فیصلہ تحریری جواب کی تیاری کے بعد ہوگا۔

سینیٹ میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر و حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی میں تحریک انصاف کے مطالبات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے سیر حاصل بحث کی گئی ہے اور مشاورت کے بعد سات روز میں جواب دیا جائے گا۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ کمیٹی کا چوتھا اجلاس طے شدہ منصوبے کے مطابق ہوا تاہم ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے مسودے کا مطالعہ کیا جا رہا ہے، لیکن اس پر کوئی رائے قائم نہیں کی گئی۔اجلاس کے دوران حکومتی ٹیم نے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا اور آئندہ مذاکرات کے لیے حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا۔