اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نےپی ٹی آئی حکومت کو ملک کی معاشی صورتحال کی خرابی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں تباہ حال معیشت ورثے میں ملی لیکن ہم نے ملک کو دوبارہ پٹڑی پر لانے کی ذمہ داری لی ہے اور ہم ایسا کرنے کے لیے پرعزم ہیں،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ( بی آئی ایس پی) سے استفادہ کرنے والے افراد کو ریلیف دینے کی حکومتی کوششوں کے مطابق مارچ سے سہ ماہی اقساط میں 25 فیصد اضافہ دیا جائے گا۔
اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے تحت ملک بھر میں 8.9 ملین افراد کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے اور موجودہ مہنگائی کی وجہ سے پاکستانی عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے سہ ماہی قسطوں کی رقوم بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بی آئی ایس پی کے مستحقین کو یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ذریعے ضروری اشیائے خوردونوش پر سبسڈی بھی فراہم کر رہی ہے جس کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچانا ہے۔ڈائنامک رجسٹری سروے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گلگت بلتستان اورآزادجموں و کشمیر سمیت ملک بھر کے تمام اضلاع میں سروے کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے زیادہ مستحقین کی شناخت اور ان کا اندراج کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وہ تمام لوگ جن کے پاس بی آئی ایس پی کارڈ نہیں ہیں وہ ڈائنامک رجسٹری دفاتر کا دورہ کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے بی آئی ایس پی ٹیم کی کاوشوں اور کام کی تعریف کی اور کہا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں مستحقین اپنی شکایات ضلعی دفاتر میں درج کراسکتے ہیں اور ہم 24 گھنٹے کے اندر مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اراکین کے استعفوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کے استعفے ان کی درخواست پر منظور کیے گئے تھے لیکن بعد میں وہ عدالت گئے اور کہا کہ وہ سنجیدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں انتخابات کے لیے تیار ہے تاہم اس حوالے سے فیصلہ آئین کے مطابق کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے عدالتوں کا احترام کرتی آئی ہے اور ہم پاکستان کو ایسا ملک بنانا چاہتے ہیں جہاں قانون سب کے لیے برابر ہو، ہم عدالتوں کو سیاسی نہیں بنانا چاہتے۔