حکومت آئندہ بجٹ میں غریبوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے گی ،وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

64
وفاقی دارالحکومت میں لوگوں کے ایک بڑے اجتماع کو دیکھ کر اپوزیشن جماعتوں کی بے چینی بڑھ گئی ہے،معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائےامور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ 2021-22 میں غریبوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے گی ، حکومت کی نوجوانوں کو روزگار مہیا کرنے کیلئے مزید مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس جیسے وبائی مرض کی وجہ سے غیر معمولی حالات میں بجٹ پیش کیا جارہا ہے، بجٹ میں حکومت کی پہلی ترجیح ایسے شعبوں کو فروغ دینا ہے جو کورونا وائرس کی وجہ سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی زیر قیادت حکومت عوام دوست بجٹ پیش کرے گی، معاشی ترقی اور معاشرے کے پسے ہوئے لوگوں میں بہتری آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت انڈسٹری اور زراعت کے شعبوں کی پیداواری صلاحیت بہتر بنانے کیلئے بھرپور توجہ دے رہی ہے، کورونا وائرس پر قابو پانے میں سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی کامیاب ثابت ہوئی، پاکستان نے کورونا وائرس سے حفاظت کا سامان تیارکرکے برآمد کیا۔

عثمان ڈار نے کہا کہ عالمی برادری کورونا وائرس کا کامیابی سے مقابلہ کرنے پر پاکستان کی کوششوں کی معترف ہے،حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ روزانہ اجرت لینے والے ملازمین کو وبائی مرض کے دوران نوکریوں سے برخاست نہ کیا جائے۔ عثمان ڈار نے مزید کہا کہ یہ بات قابل تحسین ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلائو پر قابو پانے کے لئے تمام اداروں نے مل کر کام کیا ، حکومت ملک میں معیشت کو مستحکم کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے دن رات کوشاں ہے۔