حکومت آئین کے آرٹیکل 226 کے تحت خفیہ رائے شماری کے ذریعے آئندہ سینیٹ انتخابات کرانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتی ہے، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

70

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت آئین کے آرٹیکل 226 کے تحت خفیہ رائے شماری کے ذریعے آئندہ سینیٹ انتخابات کرانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتی ہے، حکومت آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم اور سینیٹ انتخابات میں اکثریت کی نشستیں حاصل کرنے کے لئے پرامید ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان مکمل اختیار حاصل ہے کہ وہ ہارس ٹریڈنگ اور بدعنوانیوں کی حوصلہ شکنی کے لئے شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سمیت تمام ضروری اقدامات اٹھائے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف وفاقی دارالحکومت سے بھاری اکثریت سے الیکشن جیتیں گے۔