حکومت آرگینک خوراک اور مصنوعات کو برآمدی فہرست میں شامل کرے، نجم مزاری

7

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):برآمدات کی موجودہ فہرست کے ساتھ آئندہ پانچ سالوںمیں 60ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف حاصل کرنے کےلئے ماضی سے مختلف اور انقلابی اقدامات ناگزیر ہیں،برآمدات کے تناظر میں عالمی رجحانات کا جائزہ اوراپنی صلاحیتوں کو عالمی طلب کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہوگا،حکومت کی سرپرستی سے پاکستان آرگینک خوراک اور مصنوعات میں عالمی سطح پر بڑا نام پیدا کر سکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے ’’ آرگینک خوراک ، مصنوعات کی ابھرتی ہوئی اربوں ڈالر کی عالمی مارکیٹ اور ہماری سمت ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ برآمدی معیشت کے بغیر پاکستان پائیدار ترقی حاصل نہیں کر سکتا ۔ بڑے اداروں کی ریسرچ رپورٹس کے مطابق دنیا بھر میں آرگینک خوراک اور مصنوعات کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے ، طلب کو دیکھتے ہمیں اس طرف فی الفور پیشرفت کرنی چاہیے ۔

حکومت آرگینک خوراک اور مصنوعات کو برآمدی فہرست میں شامل کرے ،برانڈنگ،معیاری پیکجنگ اور سرٹیفیکیشن کے لئے معاونت کی جائے ،خوراک اور زراعت کے حوالے سے بین الاقوامی ایکسپوز میں پاکستانی آرگینک خوراک اور مصنوعات کے سٹالزکے لئے مالی اور تکنیکی معاونت دی جائے،بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر آرگینک ڈسپلے سینٹرز قائم کیے جائیں جس سے پاکستان آرگینک خوراک اور مصنوعات کومتعارف کروانے میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان اقدامات پر موثر عملدرآمد سے پاکستان آرگینک خوراک اور مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ اور دیہی معیشت کو مستحکم کر سکتا ہے۔