اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے، ماضی کی حکومت نے صحافیوں پر بےشمار اور بے بنیاد مقدمات قائم کئے، ہم نے کسی صحافی کے خلاف انتقامی رویہ نہیں رکھا۔
وہ جمعرات کوجھنگ پریس کلب اور جھنگ یونین آف جرنلسٹس کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ 4 سال میں صحافیوں کے ساتھ روا زیادتیوں کا ایک سال میں ازالہ کرنے کی بھرپور کوشش کی۔
انہوں نےکہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات صحافیوں، میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبودکے لئے اقدامات کر رہی ہے، صحافیوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتیں بڑھانے کے لئے وزارت اطلاعات نے ٹریننگ پروگرام ترتیب دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چار سال کا سیاہ دور ختم ہوچکا ہے جہاں پروگرام، کالم اور چینل بند کئے جاتے تھے۔
انہوں نےکہا کہ امید کرتے ہیں کہ جھنگ پریس کلب کی نومنتخب قیادت وہاں کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔قبل ازیں وزیر اطلاعات نےجھنگ پریس کلب کے صدرلیاقت علی انجم ،سیکرٹری خرم سعید سمیت 11رکنی باڈی سے حلف لیا۔