لاہور۔24مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان آٹو پاڑٹس مینو فیکچرنگ انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے،وزیراعظم شہباز شریف کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی کے لیے پر عزم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو سمیڈا آفس میں پاکستان ایسوسی ایشن برائے آٹوموٹیو پارٹس اینڈ اسیسریز مینوفیکچرز (پی اے اے پی اے ایم) اور پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم ،سی او، ای ڈی بی خدا بخش ، پاما اور پاپام کے عہدے داران و دیگر بھی موجود تھے ۔
اجلاس میں ملکی سطح پر آٹوموٹیو پارٹس کی پیداوری صلاحیت کو بڑھانے کی ضرورت پر زور اور پاما آٹوموٹیو پارٹس میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لئے انرجی لاگت اور ٹیکس بارے معاملات کو زیر بحث لایا گیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر نے کہا کہ حکومت آٹو پارٹس مینو فیکچرنگ انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ،وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ویژن ہے کہ آٹو انڈسٹری کو نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنایا جائے۔
آٹوموٹیو پارٹس انڈسٹری کے مسائل کو حل کرنے کے لئے بنیادی گائیڈ لائنز بنانے کی ضرورت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت آٹوموٹیو انڈسٹری کو عالمی معیار تک پہنچانے کے لیے اصلاحات لا رہی ہے ، جس کے لیے مقامی صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے ،حکومت انڈسٹری کو پروٹیکشن ڈیوٹی کے درپیش مسائل کا حل بھی کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے وزارت صنعت و پیداوار کی صنعت کے مسائل حل کرنے کے لیے مکمل وابستگی کا اعادہ کیا اور کہا کہ حکومت اور وزارت صنعت و پیداوار ہمیشہ تاجر برادری کے مسائل کے حل اور رہنمائی کے لیے موجود ہیں۔ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے پر عزم ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601016