حکومت آ ئند ہ ماہ ایس ایم ایز پالیسی لانچ کرے گی،پاکستان تحریک انصاف معیشت میں خواتین کو بااختیاربنانا چاہتی ہے، وفاقی وزیر خسرو بختیار کا پراڈکٹیویٹی موومنٹ کے حوالے سے تقریب سے خطاب

64

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار خسرو بختیار نے کہاہے کہ حکومت آ ئند ہ ماہ ایس ایم ایز پالیسی لانچ کرے گی،پاکستان تحریک انصاف معیشت میں خواتین کو بااختیاربنانا چاہتی ہے،ہم ہر شعبہ زندگی میں خواتین کی شمولیت چاہتے ہیں،خواتین انٹر پرینیورز کیلئے کاروبار میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کوپاکستان میں پراڈکٹیویٹی موومنٹ کے حوالے سے این پی او میں تقریب کا انعقاد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری صنعت و پیداوار عالیہ حمزہ ملک،سی ای او نیشنل پراڈکٹیویٹی آ رگنائزیشن محمد عالمگیر چوہدری سمیت ملک بھر سے خواتین چیمبرز کی ممبران بھی موجود تھیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف معیشت میں خواتین کو بااختیاربنانا چاہتی ہے، ہم ہر شعبہ زندگی میں خواتین کی شمولیت چاہتے ہیں، خسرو بختیار نے کہا کہ خواتین انٹر پرینیورز کیلئے کاروبار میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں،عالمی سطح پر کاروبار میں خواتین کی شمولیت کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ایس ایم ای پالیسی میں خواتین کی شمولیت کیلئے اقدامات کریں گے، خواتین اپنی تجاویز دیں کہ ہم ایس ایم ای پالیسی میں انکے لیے کیا اقدامات اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ جن کمپنیوں کی 51 فیصد شیئر ہولڈر خواتین ہیں انکا ٹیکس میں بہت سی سہولیات دی ہیں، ایس ایم ای پالیسی میں ہم ایکشن پلان کی طرف بھی جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری رکاوٹوں کو ہم کم کرنے کی طرف جا رہے ہیں ،ٹیکس کی پیچیدگیوں کو ہم کم کر رہے ہیں،ہم نے ٹیکسز کو کم کیا ہے اور ٹیکس کا پرفارما بھی آسان کیا ہے،ای او بی آئی قوانین میں بھی ہم نے آسانیاں کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین سے منسلک ایس ایم ایز کو خصوصی مراعات دی جائیں گی،کاروبار کے فروغ کیلئے ایس ایم ایز کو آسان شرح سود پر قرض کی فراہمی کی جائے گی،ٹیکس فائلرز ایس ایم ایز کو کریڈٹ فنانسگ کی توسیع کی جائے گی،

خسرو بختیار نے کہاکہ حکومت ایسی ایس ایم ایز کی فنانسگ بڑھائے گی جن کے پاس ضمانت کی سہولت موجود ہے،ایس ایم ای پالیسی کے تحت مائیکرو فنانسنگ کو بھی بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی اور گارمنٹ کے شعبوں میں خصوصی قرضہ سکیم ترتیب دی جائے گی،ایس ایم ایز کو سیپشل اکنامک زون میں رینٹل لیز ماڈل پر زمین دی جائے گی،ایس ایم ایز کی سہولت کیلئے سمیڈا کی کامن سہولت سنٹر اور گودام بنائے جائیں گے۔

سیشن سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری صنعت و پیداوار عالیہ حمزہ نے کہا کہ وزارت صنعت و پیداوار اپنی ذیلی تنظیموں جیسے این پی او اور سمیڈا کے ذریعے خواتین تاجروں کی سہولت کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہے تاکہ وہ اپنے متعلقہ شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت روزگار کے پائیدار فروغ ، مہارت پر مبنی تعلیم اور نوجوانوں اور خواتین کی سماجی معاشی امور میں شمولیت کے لیے کاروباری مواقع پر توجہ دے رہی ہے۔

سی ای او این پی او محمد عالمگیر چوہدری نے کہا کہ حکومت پاکستان نے حال ہی میں این پی او پروجیکٹ "پائیدار قومی پیداواری صلاحیت کے ذریعے مسابقت کو بہتر بنانا” کی منظوری دی ہے جس کا مقصد عوام میں پیداواری شعور کو بڑھانا ہے۔سی ای او سمیڈا ہاشم رضا نے کہا کہ سمیڈا نے خواتین کاروباری افراد کی مدد کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں جن میں خواتین انٹرپرینیورز انکیوبیشن سینٹر ، نیشنل بزنس ڈویلپمنٹ پروگرام اور انڈسٹریل سلائی یونٹ گرانٹس شامل ہیں۔