حکومت اثاثوں کی ڈیکلیئریشن کیلئے ایمنسٹی سکیم متعارف کرا رہی ہے،استفادہ نہ کرنے والے لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، وزیر خزانہ اسد عمر

113

اسلام آباد ۔ 8 اپریل (اے پی پی) وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت اثاثوں کی ڈیکلیئریشن کیلئے ایمنسٹی سکیم متعارف کرا رہی ہے جس کا مقصد اثاثے ظاہرنہ کرنے والے لوگوں کو ایک موقع فراہم کرنا ہے، ایف بی آر کی استعداد کار بہت بہتر ہو گئی ہے اور مجوزہ سکیم سے استفادہ نہ کرنے والے لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ پیر کو یہاں بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز کے آڈیٹوریم میں وسط مدتی اقتصادی فریم ورک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ اثاثوں کو ظاہر کرنے کیلئے حکومت رعایتی سکیم کے خدوخال کو حتمی شکل دے رہی ہے، آنے والے ہفتہ میں اس کی تمام تر تفصیلات فراہم کی جائیں گی، ہمیں بیرون ممالک سے پاکستانیوں کے اکاﺅنٹس اور اثاثوں کے بارے میں معلومات مل رہی ہیں، بے نامی لین دین کے حوالہ سے بھی قوانین بن رہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈیجیٹل فنانس کے تحت اداروں کی استعداد کار بہتر بنائی جا رہی ہے، ایف بی آر کی استعداد کار بہت بہتر ہو گئی ہے، ان کے پاس معلومات بھی آ رہی ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ جن لوگوں نے اپنے اثاثے ظاہر نہیں کئے ہیں وہ انہیں آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ جب سکیم کا اعلان ہو تو وہ فوری طور پر اپنے اثاثے ظاہر کریں کیونکہ اگر اثاثے ظاہر نہ کئے گئے تو ایف بی آر اور معاون اداروں کے پاس موجود ڈیٹا کو بروئے کار لاتے ہوئے اثاثے ظاہر نہ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی ہو گی۔