اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ حکومت اخراجات میں کمی کرکے عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دے رہی ہیں، رائٹ سائزنگ سے حکومتی اخراجات میں واضح کمی آئے گی، 3 سے 5 سال میں برآمدات کو 30 ارب سے بڑھا کر 60 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں۔یہ بات انہوں نے الشرق اور بلومبرگ کو دیئے گئے انٹرویومیں کہی۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے جامع اقدامات کئے جارہے ہیں، آئندہ 3 سے 5 سال میں برآمدات کو 30 ارب سے بڑھا کر 60 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ 12 سے 14 ماہ میں معیشت کی بہتری کے لئے اہم پیش رفت ہوئی ہے، کلیدی معاشی اشاریے درست سمت میں گامزن ہیں،حکومت نے مہنگائی اور شرح سود میں کمی کے لئے اہم فیصلے کئے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کیا گیا۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ نجکاری کے عمل کو مزید تیز اورسرکاری اداروں میں اصلاحات کا عمل جاری رکھیں گے، سرکاری اداروں کے نقصانات کم کرنے کے لیے رائٹ سائزنگ کر رہے ہیں جس سے حکومتی اخراجات میں واضح کمی آئے گی۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف پائیدار اور مستحکم اقتصادی ترقی چاہتے ہیں، حکومت نے ڈبل ڈیجٹ خسارے پر کنٹرول کیا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور مالیاتی خسارہ سرپلس میں آیا ہے،حکومتی اخراجات میں کمی کرکے عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دے رہے ہیں۔
محمد اورنگزیب نے کہاکہ تجارت کے فروغ میں پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے، پاکستان خطے میں تجارتی شراکت بڑھانا چاہتاہے، خطے میں تجارت کے فروغ سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ممکن ہے۔