حکومت اسپیشل اولمپکس کھیلوں کے حوالے سے خصوصی سہولیات فراہم کرے گی ،وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

118

کراچی۔ 04 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت اسپیشل اولمپکس کھیلوں کے حوالے سے خصوصی سہولیات فراہم کرے گی اور ساتھ ساتھ صوبے میں روزگار کے مواقع بھی پیدا کرے گی۔وزیر اعلی ہائوس سندھ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اسپیشل اولمپیئنز کے 36رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا ، جنہوں نے منگل کے روز وزیراعلی ہائوس میں اپنے کوچز کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں اسپیشل اولمپک سائیکلسٹ محفوظ عابد کو آئی ٹی آفیشل کے طورپر وزیراعلی ہائوس میں نوکری دینے کا اعلان کرتاہوں کیونکہ وہ آئی ٹی کے شعبے میں بھی مہارت رکھتاہے۔ اجلاس میں وزیر سماجی بہبود ساجد جوکھیو، وزیراعلی سندھ کے معائون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف، چیف سیکرٹری سہیل راجپوت اور صوبائی سیکرٹریز نے شرکت کی۔وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ ٹیم اسپیشل اولمپکس پاکستان نے اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز برلن میں عالمی سطح پر منعقدہ مقابلوں میں شرکت کی جن کا انعقاد جون 2023 میں کیاگیا۔ اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز دنیا کا سب سے بڑا جامع کھیلوں کا ایونٹ ہے۔

اسپیشل اولمپکس پاکستان نے ایک رنگا رنگ اور یادگار بین الاقوامی کھیلوں کا فیسٹیول منایا، جس کا مقصد معاشرے میں ایسے خصوصی افراد جو کہ ذہنی قابلیت سے ہمکنار ہیں ، ان کی بہتر شناخت کو اجاگر کرنا ہے۔مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ اسپیشل اولمپکس پاکستان نے ان گیارہ کھیلوں میں 128ممبران کے وفد کے ساتھ بشمول 87ایتھلیٹس ، جن میں 53مرد اور 34 خواتین اور 30 کوچز شامل تھے، شمولیت کی۔ان 11کھیلوں میں ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، بوچے، سائیکلنگ، فٹ بال، پاور لفٹنگ، تیراکی، ٹیبل ٹینس، ٹینس اور فیلڈ ہاکی شامل تھے ۔

پاکستانی ٹیم نے 10 گولڈ میڈلز، 29 سلور اور 40 کانسی کے تمغے جیتے ۔ اس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے اسپیشل اولمپکس کو سراہا۔ مراد علی شاہ نے خصوصی کھلاڑیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت اسپیشل اولمپکس کے کھیلوں کے حوالے سے عالمی معیار کے ساتھ مختلف کورٹس کی سہولیات بھی تیار کرے گی۔

انہوں نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ وہ ایسی اراضی کی نشاندہی کریں جہاں پرا سپورٹس کمپلیکس قائم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری حکومت خصوصی اولمپکس کو تمام سہولیات، مدد اور روزگار کے مواقع فراہم کرے گی تاکہ آپ دوسروں پر انحصار کیے بغیر باعزت زندگی گزار سکیں۔