پشاور۔ 27 دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سیفران اور امور کشمیر اور گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ حکومت افغان پناہ گزینوں کی رضاکارانہ اور باوقار واپسی کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔وہ جمعہ کے روز اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں افغان کرکٹ لیگ 2024 کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس ایونٹ کا انعقاد کمشنریٹ برائے افغان پناہ گزین خیبرپختونخوا کے ایجوکیشن اور یوتھ ڈیولپمنٹ سیل نے GIZ اور UNHCR کے تعاون سے کیا تھا، جس میں انجینئر امیر مقام مہمانِ خصوصی تھے۔اپنے خطاب میں انجینئر امیر مقام نے جیتنے والی ٹیم اور منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اب بھی تقریباً تین ملین افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان 45 سالہ قیام کے دوران پاکستان نے ان پناہ گزینوں کو تعلیمی ادارے، اسپتال، کاروبار، ہوٹل، ٹرانسپورٹ سمیت تمام سہولیات فراہم کیں۔انہوں نے کہا کہ ایک پُرامن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے اور افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی طویل تاریخ اور بھائی چارے کو نہیں بھولنا چاہیے اور منفی رویوں سے گریز کرنا چاہیے۔وفاقی وزیر نے غیر ملکی ڈونر ایجنسیوں کی مدد کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بین الاقوامی برادری اور غیر ملکی ڈونر ادارے ان لاکھوں افغان پناہ گزینوں کو پاکستان میں بے یارو مددگار نہیں چھوڑیں گے اور ان کی امداد کے ساتھ ساتھ میزبان کمیونٹی کی ترقی میں بھی مدد فراہم کریں گے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان پناہ گزینوں کو ان کے اپنے ملک میں محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا جہاں وہ خوشی اور امن کے ساتھ زندگی گزار سکیں تاکہ انہیں پاکستان واپس نہ آنا پڑے۔انجینئر امیر مقام نے افغان پناہ گزینوں پر زور دیا کہ وہ اپنے کیمپوں میں مشکوک یا غیر ضروری عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کو دیکھ کر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کھیل لوگوں کو قریب لانے اور معاشرے میں برداشت پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ خیبرپختونخوا کے تمام علاقوں سے کھلاڑیوں نے 10 اکتوبر سے 27 دسمبر 2024 تک جاری رہنے والی افغان کرکٹ لیگ میں شرکت کی۔
انہوں نے اسلامیہ کالج پشاور کی معیاری تعلیم اور کھیلوں کے فروغ میں کردار کو سراہاتقریب کے آغاز میں انجینئر امیر مقام کا اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر، منتظمین اور کھلاڑیوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ کھلاڑیوں نے وفاقی وزیر سے ملاقات کی، جنہوں نے ان کی کارکردگی کو سراہا اور ان میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔