اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت اقتصادی سفارت کاری ،علاقائی روابط کے فروغ اور خطے میں قیام امن جیسی اہم ترجیحات پر عمل پیرا ہے۔
یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔وزیر خارجہ بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین بھی ہیں۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،سابق سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی ، ایڈیشنل سکریٹری پبلک پالیسی، ڈاکٹر اسرار حسین، ماہرین بین الاقوامی امور، ڈاکٹر رفعت حسین اور ڈاکٹر صائمہ ملک سمیت دیگر بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔
انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے صدر ایمبیسڈر ندیم ریاض نے انسٹیٹیوٹ کے تاریخی پس منظر اور کارکردگی کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔وزیر خارجہ نے انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور بورڈ میں شامل ہونے والے نئے ممبران کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے علاقائی و عالمی منظر نامے میں تھنک ٹینکس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
خارجہ پالیسی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے وزارتِ خارجہ اور ہمارے تھنک ٹینکس کے درمیان قریبی ربط ناگزیر ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے پاس بین الاقوامی تعلقات اور علاقائی امور کے حوالے سے، بہترین سکالرز اور محققین موجود ہیں۔
انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک سٹڈیز اسلام آباد اور انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے ذریعے بین الاقوامی معیار کی تحقیق کو سامنے لانا چاہتے ہیں۔حکومت پاکستان،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت اور وژن کی روشنی میں، اقتصادی سفارت کاری ،علاقائی روابط کے فروغ اور خطے میں قیام امن جیسی اہم ترجیحات پر عمل پیرا ہے۔وزیر خارجہ نے بورڈ ممبران کی جانب سے سامنے آنے والی تجاویز کو سراہتے ہوئے، معزز ممبران بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔