حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ و فروغ  کے لئے پرعزم ہے، چوہدری سالک حسین

94

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین سے پنجاب کے صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق سردار رمیش سنگھ اروڑا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمعرات کو وزارت انسانی حقوق سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ و فروغ  کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ورکرز کی طلب والے ممالک میں اقلیتی کوٹہ متعارف کرایا جائے گا، اس سے اقلیتی ورکرز منصفانہ انتخاب کے ذریعے کام کرنے دوسرے ممالک جا سکیں گے اور اقلیتوں کو مساوی مواقع میسر ہوں گے ۔

وفاقی وزیر نے اقلیتوں کے لئے ہنر اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لئے تکنیکی تربیتی کورسز کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت مارکیٹ کی طلب کے مطابق تربیتی پروگرام فراہم کرے گی جس سے اقلیتوں کو پاکستان کی معیشت میں حصہ ڈالنے کے قابل بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا نے سیاحت کو فروغ دینے، اقلیتی کارڈ جاری کرنے اور سکھ برادری کے ورثے کے تحفظ کے لئے حکومتی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تقریباً 2.8 ملین اقلیتیں آباد ہیں جو پاکستان سے گہری محبت رکھتی ہیں۔رمیش سنگھ اروڑا نے پاکستان گوردوارہ کمیٹی اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی (پی ایس جی پی سی ) کے لئے ایک مناسب سیکرٹریٹ کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستان کو اقلیتوں کے لئے ایک محفوظ ملک کے طور پر ظاہر کرتے ہوئے غیر ملکی سکھ برادری اور پاکستان میں سفیروں کے درمیان ملاقاتوں میں سہولت فراہم کرنے کے لئے اپنی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ہم اقلیتوں کو پاکستان کی معیشت میں حصہ ڈالنے کا ہر موقع فراہم کریں گے