اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ حکومت انتہا پسند عناصر بشمول کالعدم تنظیموں اور ان سے منسلک گروہوں جو مذہب کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کر رہے ہیں سے سختی سے نمٹنے کیلئے پالیسی بنا رہی ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے مشترکہ پارلیمانی اجلاس میں متعدد بلوں کو منظور کیا ہے جو کہ قانون سازی میں ایک بہت بڑی پیشرفت ہے جس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے ذریعے انتخابات اور اینٹی ریپ قانون سازی شامل ہے۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ حکومت عدالتی نظام میں خامیوں کو دور کرنے کیلئے نئی قانون سازی متعارف کرا رہی ہے جس کے تحت خصوصی عدالتوں کے قیام کے ذریعے مجرموں کو جلد سزائیں سنائی جائیں گی اور جنسی زیادتی کے مقدمات کو تیزی سے نمٹایا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود ہم پاکستان کو مدینہ کی طرز پر ایک فلاحی ریاست بنانے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے، ہم انصاف، مساوات اور ہر قسم کے امتیاز کی نفی پر مبنی سماجی نظام پر یقین رکھتے ہیں جو اسلام کی اصل روح ہے۔