اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمداورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت کیلئے سازگارماحول کی فراہمی میں پرعزم ہے۔
انہوں نے یہ بات پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹوکمیٹی کے ارکان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ذوہیب خان کر رہے تھے۔ ایگزیکٹوکمیٹی کے اراکین نے ایسوسی ایشن کے جاری اقدامات اور ملک میں آئی ٹی صنعت کے فروغ کیلئے حکومت کی جانب سے تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
وزیر خزانہ نے ایسوسی ایشن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی اقتصادی نمو اور اختراع میں آئی ٹی کی صنعت استعداد سے بھرپور ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت آئی ٹی کی صنعت کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی میں پرعزم ہے اور اس حوالہ سے تمام اقدامات کو یقینی بنایا جائیگا۔ملاقات میں آئی ٹی کی صنعت میں چیلنجوں، امکانات، مواقع اور اس شعبہ سے متعلق مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔