حکومت اور اپوزیشن کو ساتھ بٹھانے کی کوشش کر رہا ہوں، صدر مملکت عارف علوی کا نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو

147
ترقی یافتہ جمہوریتوں میں اتفاق رائے سے حل تلاش کیا جاتا ہے،جمہوری قوتیں جب آپس میں لڑتی ہیں تو غیر جمہوری قوتوں کا کردار بڑھ جاتا ہے ،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ درمیانی راستہ نکالیں، سب کا فائدہ ہوگا، حکومت اور اپوزیشن کو ساتھ بٹھانے کی کوشش کر رہا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، فوری انتخابات اچھی تجویز ہے، اگر آج بھی انتخابات کا اعلان کر دیں تو اس پر کم از کم تین ماہ لگیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں شفاف انتخابات کیلئے ای وی ایم کا کردار اہم ہے، حکومت اور اپوزیشن کو انتخابات اور معیشت پر بیٹھ کر بات کرنی چاہئے، پہلے بھی کہا اور پھر کہتا ہوں کہ درمیانی راستہ نکالیں سب کا فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آئینی دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے کوئی کام کر لیا جائے تو اس سے بھی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے معاملہ کو 2008 میں عدالت لے کر گیا، اوورسیز پاکستانیوں میں سے زیادہ تر مزدور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوسناک ہے کہ سیاست میں مذہب کارڈ کا استعمال کیا جاتا ہے۔