اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ انتہائی نتیجہ خیز ملاقات کے بعد اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت اور جے یو آئی (ف)کے درمیان آئندہ دو دنوں میں اہم اور باہمی معاہدہ متوقع ہے۔اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عقیل ملک نے کہاکہ حکومت اور جے یو آئی (ف)کے درمیان جاری مذاکرات میں ایک اہم پیش رفت متوقع ہے
،وزارت قانون وزیر اعظم کی سخت ہدایات کے تحت مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مذاکرات کو فعال طور پر آگے بڑھا رہی ہے ہم ان کی درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر ماننے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے مذاکرات میں شامل ہونے کے مولانا فضل الرحمان کے فیصلے کو سراہتے ہوئے حل تلاش کرنے کے لیے جمہوری انداز اپنانے کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ اس راستے کا انتخاب کر کے مولانا نے پرامن اور تعمیری مذاکرات کے عزم کا مظاہرہ کیا ہے، جو واقعی قابل ستائش ہے۔عقیل احمد نے یقین دلایا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ معاملات آئین کے دائرے میں رہ کر حل کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کہ تمام مذاکرات اور معاہدے ملک کے قانون کے مطابق کیے جائیں گے،
جاری معاملات کے قانونی اور جائز حل کو یقینی بنایا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں عقیل ملک نے پی ٹی آئی کو بابائے قوم کا مشورہ بھی پیش کیا، اور ان پر زور دیا کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے بات چیت میں مشغول ہوں، اس نقطہ نظر سے نہ صرف پارٹی کو فائدہ پہنچے گا بلکہ عام آدمی کی فلاح و بہبود میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ تعمیری اور ہم آہنگ سیاسی ماحول کو فروغ ملے گا۔