حکومت اور عوام میں براہ راست رابطوں، وفاقی و صوبائی محکموں سے متعلق عوام کی شکایات کے ازالے کے لیے وزیرِ اعظم آفس میں قائم پاکستان سیٹیزن پورٹل سے شہریوں کے مسائل کے خاتمے کا سلسلہ جاری

155

اسلام آباد ۔ 29 دسمبر(اے پی پی)وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر حکومت اور عوام میں براہ راست رابطوں، وفاقی اور صوبائی محکموں سے متعلق عوام کی شکایات کے ازالے کی غرض سے وزیرِ اعظم آفس میں قائم کیے گئے پاکستان سیٹیزن پورٹل سے شہریوں کے مسائل کے خاتمے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وزیرِ اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق پاکستان سیٹیزن پورٹل پر رجسٹریشن اور اپنی شکایات و تجاویز حکومت تک پہنچانے کے سلسلے میں عوام کا رد عمل حوصلہ افزاء رہا ہے۔ پاکستان سیٹیزن پورٹل کے اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق دو ماہ کے قلیل عرصے میں پورٹل پر رجسٹرڈ ہونے والوں کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے،اب تک موصول شدہ شکایات کی تعداد 2 لاکھ 29 ہزار 667 ہے جن میں سے 90 فیصد شکایات ملک میں مقیم شہریوں، 9.66 فیصد سمندر پار پاکستانیوں جبکہ 0.45 فیصد غیر ملکیوں کی جانب سے موصول ہوئی ہیں، اسی طرح اب تک موصولہ تجاویز کی کل تعداد 47 ہزار 579 ہے۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب سے 1 لاکھ 5 ہزار 794، خیبر پختونخواہ سے 26 ہزار 790، سندھ سے 31 ہزار 698 ، بلوچستان سے 2 ہزار 524 ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے 61 ہزار 644، گلگت بلتستان سے 184اور آزاد کشمیر سے 1 ہزار 172شکایات موصول ہوئی ہیں۔ پنجاب سے موصول شدہ شکایات میں سے 40 ہزار 411 کا ازالہ کیا جا چکا ہے،اسی طرح خیبر پختونخواہ سے 12 ہزار 771، سندھ سے 2 ہزار 63، بلوچستان سے 316 جبکہ وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کی 35 ہزار 950 شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے جبکہ بقیہ شکایات کے ازالے پر کام جاری ہے۔اب تک موصول ہونے والے عوامی فیڈ بیک کے مطابق 24 ہزار 76 افراد نے پاکستان سیٹیزن پورٹل پر نہایت اطمینان کا اظہار کیا ہے جو کہ انتہائی حوصلہ افزاء شرح ہے۔ گورننس کی بہتری اور عوام اور حکومت کے درمیان مستقل رابطے کے قیام کے سلسلے میں پاکستان سیٹیزن پورٹل ایک اہم ذریعہ ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے عوام کو پاکستان سیٹیزن پورٹل سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کی ترغیب دی ہے۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر پاکستان سیٹیزن پورٹل کے اعداد وشمار ہفتہ وار جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔