حکومت اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی قیادت کے درمیان مذاکرات کے لیے 12 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ، وفاقی وزیر صاحبزادہ نور الحق قادری

96

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی صاحبزادہ نور الحق قادری نے کہا ہے کہ حکومت اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی قیادت کے درمیان مذاکرات کے لیے 12 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ہفتہ کووزیراعظم عمران خان سے علمائے کرام اور مذہبی اسکالرز کے وفد کی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کیا جائے گا۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مزاکرات کے ذریعے صورتحال بہتر ہو جائے گی ۔ علمائے کرام اور مذہبی اسکالرز نے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور معاملے کو پرامن طریقے سے حل ہونے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے ہمیشہ بامقصد اور سنجیدہ اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے۔”سنی اتحاد کونسل کے صدر صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ وزیراعظم نے اجلاس کے شرکاء کو یقین دلایا ہے کہ حکومت کسی قسم کی خونریزی نہیں چاہتی۔

تاہم قومی سلامتی اور حکومتی رٹ پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا‘ سنی اتحاد کونسل کے صدر نے کہا کہ ہم مظاہرین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ تشدد کا راستہ اختیار نہ کرےکیونکہ مذاکرات جاری ہیں۔