حکومت اپنے مقامی اور بین الاقوامی وعدوں کو پورا کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کااجلاس سے خطاب

89
حکومت اپنے مقامی اور بین الاقوامی وعدوں کو پورا کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کااجلاس سے خطاب

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی دور اندیش اور دا نشمندانہ پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔حکومت اپنے مقامی اور بین الاقوامی وعدوں کو پورا کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کواسٹیٹ بینک آف پاکستان میں سرکردہ کمرشل بینکوں کے صدر/چیف ایگزیکٹوآفیسرزسے ملاقات کے دوران کیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برا ئے خزانہ طارق باجوہ،وزیراعظم کے معاون خصوصی برا ئے محصولات طارق پاشا، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد،وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ملک کی مجموعی معاشی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی دور اندیشی اور عملی پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے مزید یقین دلایا کہ حکومت کی مالی صورتحال مکمل طور پر مضبوط ہے اور حکومت اپنے مقامی اور بین الاقوامی وعدوں کو پورا کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ وزیر خزانہ نے ان پر زور دیا کہ وہ مالیاتی اور اقتصادی استحکام اور ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

وزیر خزانہ نے انہیں اپنے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے حوالے سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں اور حکومت کی طرف سے بہت مثبت جواب ملا ہے۔

اپنے امریکی دورے سے حاصل ہونے والے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا حالیہ دورہ سعودی عرب بھی انتہائی کامیاب رہا اور سعودی عرب بھی ہمارے ساتھ اپنے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔

پاکستان کے سرکردہ بینکرز نے حکومت کی میکرو اکنامک پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور وزیر خزانہ کو پاکستان کی خوشحالی کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کرنٹ اکائونٹ بیلنس اور مارکیٹ کے اعتماد کو بڑھانے اور بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی دیں۔

انہوں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیر خزانہ کے مختلف اقدامات کو سراہا جن میں انہوں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد متعلقہ حلقوں کو واضح پیغام بھیجا تھا کہ پاکستان نہ تو اپنے کثیر جہتی قرضوں کو ری شیڈول کرے گا اور نہ ہی اس کے کمرشل قرضوں کی ادائیگی میں توسیع کرے گا۔

موجودہ حکومت نے قرضوں بارے اپنے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا پختہ عزم ظاہر کیا ہے۔آئی ایم ایف نے بھی مارکیٹ کو بہت مثبت پیغام دیا ہے۔ انہوں نے خزانہ کو یقین دلایاپاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔