حکومت اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے این آر او لینے کیلئے اختیار کئے گئے حربوں سے دبائو میں آئے گی اور نہ ہی خوف زدہ ہے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز

131

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے این آر او لینے کیلئے اختیار کئے گئے حربوں سے دبائو میں آئے گی اور نہ ہی خوف زدہ ہے، ان لوگوں کو اپنے مذموم سیاسی مقاصد میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا، اپوزیشن مختلف حربے استعمال کر کے حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہے، یہ لوگ استعفوں کو سیاسی کرتب بازی کے طور پر استعمال کر رہے ہیں لیکن سنجیدہ نہیں ہیں، حکومت ہر اہم قومی ایشو پر اپوزیشن کے ساتھ ڈائیلاگ کرنے کیلئے تیار ہے لیکن بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر جو کہ پہلے سے زیادہ خطرناک ہے کے دوران اپوزیشن کے پاس جلسے کرنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے، اپوزیشن مہلک وبا کی نازک صورتحال کے دوران جان کر لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں دھکیل رہی ہے جیسا کی عالمی برادری بڑے اجتماعات نہ کرنے پر زور دے رہی ہے کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے عوام میں وبا پھیلنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ کورونا کی موجودہ صورتحال ملک میں جلسے کرنے کی اجازت نہیں دیتی، اپوزیشن جماعتیں این سی او سی ہدایات کی خلاف ورزی کر رہی ہیں، اپوزیشن غیرذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے، انہیں عوام کی فلاح و بہبود سے کوئی غرض نہیں ہے، ان کا ون پوائنٹ ایجنڈا اپنے بدعنوان قائدین کی کرپشن کا تحفظ کرنا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی دونوں جماعتوں نے اپنے دور حکومتوں کے دوران ملک اور اس کے اداروں کو تباہ کیا لیکن اب یہ لوگ ملک اور عوام کے خیرخواہ بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کو مختلف چیلنجز ورثے میں ملے تھے تاہم وزیراعظم عمران خان کی انتھک کوششوں کی وجہ سے ملکی معیشت بہتر ہو رہی ہے، برآمدات بڑھ رہی ہیں، بیرونی سرمایہ کاری اور ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے، روپے کی قدر مضبوط ہو رہی ہے جبکہ کرنٹ اکائونٹ خسارہ سرپلس جا رہا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو پارلیمنٹ میں آنا چاہیے جیسا کہ یہ ہر قومی ایشو پر بحث کیلئے بہترین فورم ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں جلسوں کا انعقاد کر کے عوام کے سامنے بے نقاب ہو رہی ہیں، ملک میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں اور یہ لوگ صرف اپنی کرپشن کا تحفظ کرنے کیلئے لوگوں کی جانوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہلک وبا پر قابو پانے کیلئے این سی او سی کے فیصلوں پر عمل درآمد کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اسلئے سب کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہییں۔