حکومت اپوزیشن کے اقدام کا آئینی طریقے سے جواب دے گی، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان

55
حکومت اپوزیشن کے اقدام کا آئینی طریقے سے جواب دے گی، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے اقدام کا آئینی طریقے سے جواب دے گی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تمام ارکان متحد ہیں اور ان کے جو بھی تحفظات ہیں دور کئے جائیں گے۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت آزاد خارجہ پالیسی کے حق میں ہے، تحریک انصاف کے دور حکومت کے دوران پاکستان کے چین کے ساتھ تعلقات مزید استوار ہوئے ہیں جبکہ روس کے ساتھ تعلقات میں بھی بتدریج بہتری آئی ہے۔

علی محمد خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا کو پاکستان کی حقیقی تصویر کے بارے آگاہ کیا ہے، عمران خان ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں، وزیراعظم نے دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان آزاد ملک ہے کوئی ڈکٹیٹ نہ کرے،

وہ ملک کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا جہانگیر ترین اور علیم خان کے ساتھ گہرا رشتہ ہے اور اس وقت پنجاب میں کوئی تبدیلی متوقع نہیں ہے۔