27.1 C
Islamabad
بدھ, مئی 7, 2025
ہومتازہ ترینحکومت ایس آئی ایف سی کے ذریعے سرمایہ کاروں اور تاجروں کیلئے...

حکومت ایس آئی ایف سی کے ذریعے سرمایہ کاروں اور تاجروں کیلئے ون ونڈو آپریشنز کی سہولت فراہم کر رہی ہے، عالمی مالیاتی ادارے پاکستانی معیشت میں بہتری کے معترف ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی امریکہ پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے گفتگو

- Advertisement -

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریگولیٹری عمل کی بہتری، شفافیت کے فروغ، بیوروکریٹک مسائل کے خاتمہ سے کاروبار کے لئے زیادہ سازگار ماحول پیدا کیا گیا ہے،حکومت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے سرمایہ کاروں اور تاجروں کے لئے ون ونڈو آپریشنز کی سہولت فراہم کر رہی ہے، پاکستان کی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے، عالمی مالیاتی ادارے پاکستانی معیشت میں بہتری کے معترف ہیں،پاکستان کاروبار، سرمایہ کاری کے لئے محفوظ، منافع بخش ملک ہے۔

منگل کو وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکی چیمبر آف کامرس کی امریکہ-پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔وفد میں سینئر نائب صدر ایشیاء -امریکہ چیمبر آف کامرس چارلس فریمین، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایشیاء و صدر پاکستان-امریکہ بزنس کونسل اسپیرینزا گومیز، ڈائریکٹر گورنمنٹ افیئرز ایبٹ انڈسٹریز ہینی ہینسر، ہیڈ آف پبلک پالیسی یوریشیا ایپل ایسرا کونی اور دیگر شامل تھے۔

- Advertisement -

وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام آباد میں آپ کا یہاں خیر مقدم کرنا میرے لئے باعث مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ -پاکستان بزنس کونسل کا پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ہے، امریکہ-پاکستان بزنس کونسل دونوں ممالک کے درمیان روابط کو آسان بنانے، شراکت داری کے استحکام اور پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حوالے سے ایک اہم پلیٹ فارم ہے، پاکستان میں 80 سے زائد امریکی کمپنیوں کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک محفوظ اور منافع بخش ملک ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم پاکستان میں ملازمتیں پیدا کرنے، ریونیو میں حصہ ڈالنے اور علاقائی منڈیوں میں برآمدات بڑھانے کے لئے آپ کی کاوششوں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی اور سٹریٹجک شراکت داری کی ایک طویل تاریخ ہے، ہم امریکی حکومت اور کاروباری اداروں کے ساتھ دہائیوں پر محیط تعلقات کی قدر کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے روابط کے فروغ سے ہم اپنے لوگوں کی بہبود، اپنے کاروبار کے منافع اور مشترکہ خوشحالی کے لئے دونوں ممالک میں کاروبار کے لئے باہمی طور پر فائدہ مند مواقع پیدا کر سکتے ہیں، ہماری شراکت باہمی طور پر فائدہ مند ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار امریکی کپاس کے سب سے بڑے درآمد کنندگان میں ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی حکومت امریکی حکومت، کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کے ساتھ تعمیری شراکت داری کی خواہشمند ہے تاکہ دوطرفہ تجارت، اشیاء اور خدمات خاص طور پر آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کا حجم بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مارکیٹ نئی بیرونی سرمایہ کاری کے لئے تیار ہے، حکومت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے سرمایہ کاروں اور تاجروں کے لئے ون ونڈو آپریشنز کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے اور عالمی مالیاتی ادارے بھی پاکستانی معیشت میں بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں، فچ نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ کو CCC+ سے B- میں اپ گریڈ کر دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مزید ایک فیصد کمی کرتے ہوئے پالیسی ریٹ 11 فیصد کر دیا ہے جو صنعتی اور کاروباری شعبے کے لئے انتہائی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کاوشوں کا مقصد ریگولیٹری عمل میں سہولیات کی فراہمی، شفافیت کا فروغ اور بیوروکریٹک مسائل کو ختم کرکے کاروباروں کے لئے زیادہ سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان ٹیرف کے مسئلے پر امریکی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہے۔ انہوں اس امید کا اظہار کیا کہ اس کا باہمی طور پر فائدہ مند حل تلاش کر لیا جائے گا۔

ملاقات کے دوران وفد کے شرکاء نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے ایک پر کشش ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین،

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد لغاری، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد مگسی، وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاونین خصوصی طارق فاطمی، ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593623

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں