حکومت ایم ایل ون منصوبے کو تیزی سے مکمل کرنے کے لئے کوشاں ہے، ایوان کو بھی اس منصوبے میں تیزی لانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، اعظم سواتی

60

اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلویز سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ حکومت ایم ایل ون منصوبے کو تیزی سے مکمل کرنے کے لئے کوشاں ہے، ایوان کو بھی اس منصوبے میں تیزی لانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، ریلویز میں 230 بوگیاں شامل کی گئی ہیں۔

منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر افنان اللہ خان کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی نے موجودہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن اور حویلیاں کے قریب ڈرائی پورٹ کے قیام کی پی سی ون کی 6.806 ارب ڈالر کی لاگت سے منظوری دی ہے، پیکج ون کے قرضے کے لئے چین کی حکومت کو درخواست کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریلویز کو منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں، ریلویز میں 230 نئی بوگیاں شامل کی گئی ہیں، مزید بوگیاں شامل کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔