اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہےکہ حکومت ایڈز کی وبا کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔جمعہ کو ایڈز سےبچائو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں ڈاکٹرندیم جان نے کہا کہ ہر سال یکم دسمبر کو ایڈز کی روک تھام کے حوالے سے عالمی دن منایا جاتا ہے۔ یہ دن منانے کا مقصد یہ ہے کہ دنیا کے ساتھ مل کر اس مرض سے نجات حاصل کرناہے۔ پاکستان میں ایڈزکے مرض سے نمٹنے کے لئے جامع حکمت عملی اور اقدامات جاری ہیں۔
ہم اس کی روک تھام اور اس مرض میں مبتلا مریضوں کو قابل برداشت اور باوقار اندازمیں اس کے علاج کی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس عزم کااعادہ کرتے ہیں کہ ایڈزکے خلاف تمام فریقین کی مشاورت اور تعاون سے اس مرض میں مبتلامریضوں کو نہ صرف طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے بلکہ انہیں نفسیاتی طورپر امداد بھی فراہم کریں گے جبکہ اس مرض پر قابو پانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ اس مرض میں مبتلا ہر مریض کو علاج کے لئے مساوی مواقع اور سہولیات اس کا بنیادی حق ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415559