اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہماری حکومت ایک جامع اور موثر سماجی تحفظ کے نظام کے ذریعے معاشرے کے کمزور ترین طبقات کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے۔ منگل کو بجٹ تقریر کے دوران انہوں نے کہا کہ جاری مالی سال 25-2024 کے دوران، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے کم آمدنی والے خاندانوں کو معاشی مشکلات سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
592 ارب روپے کے مختص فنڈز میں سے ایک کثیر رقم کے ذریعے 99 لاکھ مستحق خاندانوں کو غیر مشروط نقد امداد فراہم کی گئی۔اس کے علاوہ ایک کروڑ سولہ لاکھ بچوں کو تعلیمی وظائف کی صورت میں مالی معاونت فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے نشوونما پروگرام کے تحت 15 لاکھ مستحق حاملہ مائوں اور ان کے 16 لاکھ بچوں کو نقد امداد اور غذائیت پر مبنی خصوصی خوراک فراہم کی گئی ۔ مالی شمولیت کے فروغ کے لیے، سال بھر میں 250,000 مستحقین کو فنانشل لٹریسی کی تربیت دی گئی۔