حکومت برآمدات کو 60 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لئے سر گرم عمل ہے ،وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی اعلیٰ سطحی کمیٹی کے افتتاحی اجلاس میں گفتگو

104
Jam Kamal Khan
Jam Kamal Khan

اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت برآمدات کو 60 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لئے سر گرم عمل ہے ،2028 تک اس ہدف کو حاصل کر لیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے تشکیل دی گئی اعلیٰ سطحی کمیٹی کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر تجارت نے کہا کہ ٹیرف کو درست کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جس کا مقصد 2027-28 تک 60 ارب ڈالر کا برآمدی ہدف حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کو تیز کرنے کے لیے تین ذیلی کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ ذیلی کمیٹیاں ، مرکزی کمیٹی کو تفصیلی سفارشات فراہم کریں گی جو اس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کو حتمی رپورٹ پیش کرے گی۔کمیٹی کا بنیادی مقصد تین سال کے عرصے میں برآمدات کو 60 ارب ڈالر تک لے کے جانا ہے۔ اجلاس میں صنعت و پیداوار کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک نے وزیر تجارت کے نقطہ نظر سے اتفاق کیا۔ انہوں نے مخصوص ٹرمز آف ریفرنسز (ٹی او آرز) کو دیکھنے کے لیے مختلف شعبوں کے تکنیکی ماہرین کے ورکنگ گروپس بنانے کی تجویز پیش کی۔اجلاس میں متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین اور مرکزی کمیٹی کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔ کمیٹی کے ٹی او آرز میں موجودہ تجاویز کا جائزہ لینا، مختصر سے طویل مدتی ٹیرف کو درست کرنے کے اقدامات اور برآمدی ہدف تک پہنچنے کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کرنا شامل ہے۔وزارت تجارت اس کمیٹی کے سیکرٹریٹ کے طور پر کام کرے گی جو دو ہفتوں میں اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے گی۔