حکومت برآمدات کے فروغ پرخصوصی توجہ دے رہی ہے، وزیرخزانہ ڈاکٹرمفتاح اسماعیل کی وفود سے گفتگو

83

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات ڈاکٹرمفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ حکومت برآمدات کے فروغ پرخصوصی توجہ دے رہی ہے، ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی میں آئی ٹی اورٹیلی کام شعبہ کا کردار اہمیت کاحامل ہے۔ انہوں نے ان خیالات کااظہارپاکستان کاٹن جنرزایسوسی ایشن کے وفد اورٹیلی کام کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے وفد نے چئیرمین سہیل محمود ہرال کی قیادت میں وزیرخزانہ سے ملاقات کی، اس موقع پر چئیرمین ایف بی آر اورسینئیرآفسران بھی موجودتھے۔

وفد نے وزیرخزانہ کو ملکی معیشت کی نمومیں کپاس اورکاٹن کی اہمیت کے بارے میں بتایا اورکہاکہ کاٹن نہ صرف ٹیکسٹائل کے شعبہ میں کلیدی کرداراداکررہاہے بلکہ ملکی برآمدات میں بھی اس کا ایک بڑا اوراہم حصہ ہے۔انہوں نے اس شعبہ کو درپیش مسائل سے وزیرخزانہ کوآگاہ کیا۔ وزیرخزانہ نے ادائیگیوں میں توازن میں ٹیکسٹائل اورجنرز کے کلیدی کردارکی تعریف کی۔انہوں نے کہاکہ حکومت برآمدات کے فروغ پرخصوصی توجہ دے رہی ہے، انہوں نے کہاکہ ایسوسی ایشن کے جائز اورحقیقی مسائل کوحل کیاجائیگا کیونکہ یہ شعبہ زرمبادلہ کمانے میں اہم کرداراداکررہاہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق جازکے سی ای اورعامرابراہیم اورٹیلی نارپاکستان کے سی ای او واحت خان سے ملاقات میں وزیرخزانہ نے ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی میں آئی ٹی اورٹیلی کام شعبہ کے کردارکی تعریف کی۔ انہوں نے وفد کوٹیکس سے متعلق مسائل کوحل کرنے کایقین دلایا اورکہاکہ حکومت ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اورٹیلی کمیونیکیشن کے فروغ میں اپنا کرداراداکرے گی۔

وفد نے ملک کی اقتصادی ترقی میں آئی ٹی اورٹیلی کام شعبہ کے کردار کواجاگرکیا۔ وفد کے اراکین نے بتایا کہ اس وقت اس شعبہ کومنافع سمیت کئی مسائل کاسامناہے۔ انہوں نے پرتعیش اشیا میں مشکل سے شامل ہونے والے آئٹمز پر ٹیکس میں کمی کی درخواست کی۔وفد نے بتایا کہ آئی ٹی اورٹیلی کام کاشعبہ برآمدات اورجی ڈی پی کی نمومیں کلیدی کرداراداکررہاہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیرآئی ٹی سیدامین الحق، چئیرمین پی ٹی اے، چئیرمین ایف بی آر اورسینئیرافسران بھی موجودتھے۔