حکومت براڈ شیٹ معاملے کی پوری تحقیقات کرے گی، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز

32

اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت براڈ شیٹ معاملے کی پوری تحقیقات کرے گی، وزیراعظم عمران خان کی طرف سے براڈشیٹ معاملے پر بنائی گئی کمیٹی ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو بے نقاب کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش کرے گی، نواز شریف اور آصف علی زرداری نے اقتدار میں آ کر قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا اور پکڑے بھی گئے لیکن یہی لوگ این آر او کے بینی فشری رہے،ان لوگوں نے دوبارہ اقتدار میں آ کر اپنے خلاف احتساب کے عمل کو سبوتاژ کیا لیکن تحریک انصاف حکومت بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کے نعرے کے ساتھ اقتدار میں آئی ہے، لوٹی ہوئی غیرقانونی دولت کی بازیابی تک ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے بدعنوان رہنمائوں کے خلاف احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ براڈشیٹ کے معاملے پر بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کسی انٹرویو کی بنیاد پر نہیں بلکہ لندن ہائیکورٹ کے فیصلے کی بنیاد پر تحقیقات کر کے اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی، براڈ شیٹ معاملے پر فائدہ دینے والوں اور فائدہ اٹھانے والے کرداروں کو قوم کے سامنے بے نقاب کریں گے اور قوم کو بتائیں گے کہ کسطرح ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے قائدین نے قومی خزانے کو لوٹا۔ شبلی فراز نے کہا کہ لندن ہائیکورٹ کے فیصلے سے ایک بات ظاہر ہوئی ہے کہ بدقسمتی سے ماضی میں بدعنوان حکمرانوں کو این آر او دے کر ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا، جن لوگوں کو 2000ءسے 2003ءکے دوران سزا ہو جانی چاہیے تھی وہ آج بھی بیرون ممالک اپنی جائیدادوں اور اثاثوں سے انجوائے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ براڈشیٹ نے نواز شریف اور آصف علی زرداری سمیت دیگر اپوزیشن رہنمائوں کے اثاثوں کی نشاندہی کی تھی، ان لوگوں کے خلاف منی لانڈرنگ اور بدعنوانیوں کے ٹھوس شواہد تھے لیکن این آر او کے نتیجے میں ان کے خلاف کیسز منطقی انجام کو نہ پہنچ سکے جس کی وجہ سے پاکستان کو پیسے لینے کی بجائے دینے پڑے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے این آر او لینے کیلئے اس وقت کی حکومت پر دبائو ڈالا اور سابق جنرل (ر) پرویز مشرف نے اپنی حکومت بچانے کیلئے انہیں این آر او دے کر ملک کو مالی نقصان پہنچایا، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج کل بھی این آر او لینے کیلئے قومی اداروں پر دبائو ڈالنے کی کوششیں کر رہی ہے لیکن وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں بدعنوان عناصر کو این آر او نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے اپنے دور حکومت کے دوران سوئس اکائونٹس اور سرے محل کیسز ختم کروائے۔