21.6 C
Islamabad
ہفتہ, فروری 22, 2025
ہومقومی خبریںحکومت بلوچستان اور صادق پبلک سکول کے درمیان 100طلباء کو اسکالرشپس پر...

حکومت بلوچستان اور صادق پبلک سکول کے درمیان 100طلباء کو اسکالرشپس پر داخلہ دینے کے حوالے سے معاہدہ طے

- Advertisement -

کوئٹہ۔ 21 فروری (اے پی پی):وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کے تعلیم دوست وژن کے مطابق حکومت بلوچستان اور صادق پبلک سکول کے درمیان ایک تاریخی معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت صوبے کے 11 اضلاع کے 100 طلبہ و طالبات کو اسکالرشپس پر داخلہ دیا جائے گا۔ اس پروگرام کے مطابق نرسری سے کلاس ہشتم تک کسی بھی جماعت میں طلباء داخلہ لے سکتے ہیں۔ ان میں سے 15 طلباء کو صادق پبلک اسکول اسکالرشپس فراہم کرے گا اور دیگر 85 طلباء کی تعلیم کا فنڈنگ حکومت کا ادارہ بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ ( بیف ) کرے گا۔ ان اضلاع میں آواران، واشک، جھل مگسی، جعفرآباد، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، بارکھان، ژوب، موسی خیل، شیرانی اور قلعہ عبداللہ شامل ہیں۔ یہ تاریخی معاہدہ دسمبر 2024 میں صادق پبلک اسکول میں طے پایا جہاں وزیراعلی بلوچستان کی موجودگی میں سی ای او بیف محمد زکریا خان نورزئی اور صادق پبلک اسکول کے پرنسپل ڈیوڈ ڈاؤڈلز نے دستخط کیے۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس پروگرام کو تعلیمی انقلاب قرار دیا، جبکہ پرنسپل ڈیوڈ ڈاؤڈلز نے اس شراکت کو بلوچستان کے بچوں کے لیے ایک نیا آغاز قرار دیا۔ بعد ازاں بذریعہ اشتہار تمام تفصیلات جاری کردی گئی اور درخواستیں بیف دفتر میں جمع ہونا شروع ہوئیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 فروری تھی۔ یہ سہولت طلبا کی آسانی کے لیے دی گئی تاکہ وہ بروقت اپنے فارم بیف آفس میں جمع کراسکیں۔ واضح رہے کہ بیف نے بلوچستان کے طلبہ و طالبات کی سہولت کے لیے محض صادق پبلک اسکول کے داخلہ فارم جمع کرنے اور کوئٹہ میں تحریری امتحان کے انعقاد کی خدمات فراہم کی ہیں۔ دیگر معاملات میں بیف کا کوئی عمل دخل نہیں۔ صادق پبلک اسکول کی ٹیم ہی نے کوئٹہ میں امتحان منعقد کیا اور انٹرویوز بھی منعقد کرے گی اور ہر ضلع کا میرٹ صادق پبلک اسکول کی اس اسکالرشپ پالیسی کے مطابق طے کیا جائے گا، جو ان کی ویب سائٹ پر شائع کیا جائے گا۔

- Advertisement -

مذکورہ اسکالرشپ کے لیے 2500 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے قریبا 1500ً کو اہل قرار دیا گیا۔ نااہلی کی وجہ عمر کا زیادہ یا کم ہونا تھی۔ تمام اہل امیدواروں کی فہرست بیف کے آفیشل پیجز پہ اپلوڈ کر دی گئی اور انہیں بذیعہ کال اطلاع بھی دی گئی۔ تمام طلبا کو ٹیکسٹ میسجز کے ذریعے ان کو رول نمبر جاری کیے گئے۔ تاکہ انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ تحریری امتحان 21 فروری کو صبح 9 بجے دبئی میرج محل میرج ہال، نیو سبزل (سی پیک) روڈ کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ نرسری اور کے جی کلاس کے امیدواروں کے لیے کوئی تحریری امتحان نہیں ہوا۔ وہ 23 فروری کو صبح 10 بجے چیف آفس، جناح ٹاؤن کوئٹہ میں انٹرویو کے لیے تشریف لائیں گے جہاں صادق پبلک اسکول کی انتظامیہ ان کا انٹرویو کرے گی۔ جس طرح کے احکامات وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی اور سی ای او بیف محمد زکریا نورزئی کی جانب سے موصول ہوئے تھے انہی بنیادوں پر اس تمام عمل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا۔

صادق پبلک اسکول کی انتظامیہ نے ان اقدامات کو سراہا۔ کہا کہ ہمارے پاس بلوچستان کے بچے زیر تعلیم ہیں اور بہت سے فارغ التحصیل ہیں۔ ہم تمام طلبا کو انتہائی خیال رکھتے ہیں اور انہیں بہترین ماحول فراہم کرتے ہیں تاکہ وہ ملک و قوم کی خدمت میں اہم کردار ادا کرسکیں۔ سی ای او بیف نے کہا کہ یہ ایک انقلابی اقدام ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہمارے صوبے کے زیادہ سے زیادہ بچے کوالٹی ایجوکیشن حاصل کرسکیں۔ جس طرح بیف سالانہ 16000 طلبہ و طالبات کو فنڈنگ کرتا ہے اسی طرح ہم صادق پبلک اسکول کو ان بچوں کے لیے بروقت اسکالرشپس فراہم کریں گے۔ یقینا یہ روشن مسقتبل کی جانب ایک اہم قدم ہے جس کا کریڈٹ وڑنری وزیراعلی میر سرفراز بگٹی کو جاتا ہے۔تحریری امتحان شفاف طریقے سے منعقد ہوا۔ والدین اور بچوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مواقع تمام طلبا کو ملنے چاہییں۔ ہمیں امید ہے حکومت ایسی اسکالرشپس کا اعلان کرتی رہے گی۔ سیکیورٹی کے سخت اقدامات اٹھائے گئے تھے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564617

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں