کوئٹہ۔ 09 فروری (اے پی پی):محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کے زیراہتمام خضدار میں ایک ہفتے سے جاری جشن جھالاوان سپورٹس فیسٹیول فٹبال کے فائنل میچ کیساتھ اختتام پذیر ہوگیا، فائنل میچ ڈی ایف اے خضدار اور ڈی ایف اے قلات کے مابین میر غوث بخش فٹبال گراؤنڈ میں کھیلا گیا،
میچ مقررہ وقت تک ایک ایک گول سے برابر رہا میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا، ڈی ایف اے خضدار نے پنلٹی ککس پر میچ جیت کر فائنل میچ اپنے نام کیا، اس موقع پر تماشائیوں کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی، میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی نے دونوں ٹیموں کو ٹرافی دی، جشن جھالاوان سپورٹس فیسٹیول میں کرکٹ، فٹبال، شوٹنگ بال، آرچری، اسکواش، فٹسال، گلیل، تائیکوانڈو، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، سنوکر و دیگر کھیلوں کے مقابلے کھیلے گئے جس میں خضدار، قلات، سوراب، آواران، مستونگ اور تحصیل زہری سے کھلاڑیوں نے حصہ لیا، فیسٹول میں کھلاڑیوں سمیت اسکولوں اور کالجوں سے طلبہ و طالبات نے بھی حصہ لیا،
وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی مشیر کھیل و امور نوجوانان مینہ مجید بلوچ کی سربراہی میں سیکرٹری کھیل طارق قمر بلوچ، ڈائریکٹر جنرل کھیل یاسر خان بازئی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایکٹیوٹیز محمد آصف لانگو کے زیرنگرانی و انتھک محنت کی بدولت خضدار میں جاری رہنے والا جشن جھالاوان سپورٹس فیسٹیول کامیابی کیساتھ اختتام پذیر ہوا،
محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا گیا جنہوں نے ایونٹ کو کامیاب بنانے میں بھرپور ساتھ دیا، مقامی لوگوں نے اس فیسٹیول کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ ہر سال اس طرح کے فیسٹیول کا انعقاد ہونا چاہیے تاکہ کھیلوں کے میدان آباد رہیں۔