اسلام آباد ۔ 14 جولائی (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری کنول شوزب نے پشاور میں بس ریپڈ ٹرانسپورٹ (بی آر ٹی) منصوبے پر منفی پروپیگنڈہ کرنے پر اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تاخیر کے شکار جاری ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح بنیادوں پر مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کو بی آر ٹی پروجیکٹ کے حوالے سے غلط پروپیگنڈا کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا کہ ترقیاتی منصوں کی بروقت تکمیل اور معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور وزیر اعظم عمران خان پہلے ہی مطلوبہ معیار کے مطابق بی آر ٹی پشاور کی جلد تکمیل کے لئے خصوصی ہدایات جاری کرچکے ہیںجو اپنے ڈیزائن اور دیگر تعمیراتی مسائل کے باعث تاخیر کا شکار ہوا تھا اور یہ ایک عام بات ہے۔ کنول شوزب نے کہا کہ عمران خان کی حکومت واحد حکومت ہے جو بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہے جبکہ سابقہ حکومتیں عوام کی خدمت میں مکمل طور پر ناکام رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ(ن) نے کراچی اور دیگر شہروں کی ترقی کے لئے کچھ نہیں کیا اور دونوں جماعتوں کے پاس اپنی کارکردگی دکھانے کے لئے کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے دارالحکومت اسلام آباد میں پانی کی قلت سے متعلق ایک سوال کے جواب میںکہا کہ حکومت شہریوں کی مشکلات پر قابو پائے گی اور وفاقی دارالحکومت میں پانی کے مسائل ، منڈیوں کی ترقی اور صنعتی علاقوں سمیت جاری تمام ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے رہائشیوں کی پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کے مقصد کے لیے غازی باروتھا واٹر سپلائی سکیم کے لیے اربوں روپے کی منظوری دے دی ہے اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اس کی بروقت تکمیل کے لئے اجلاسوں میں صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ کنول شوزب نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت پاکستان کی بہتری اور ترقی کے لئے موثر انداز میں کام کر رہی ہے اور وہ فلاح و بہبود کے تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سابقہ 2 حکومتوں اور پاکستان پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جعلی ڈگری ہولڈرز اور ناتجربہ کار افراد کو مقرر کیا تھا لیکن موجودہ حکومت تمام سرکاری معاملات میں شفافیت کو یقینی بنارہی ہے۔