حکومت تعلیمی اداروں اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ تنظیموں کو مسائل کے لئے سہولت فراہم کررہی ہے، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز افتتاحی تقریب سے خطاب

81

اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت تعلیمی اداروں اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ تنظیموں کو مسائل کے حل کے لئے سہولت فراہم کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں کامسیٹس یونیورسٹی کے زیر اہتمام دو روزہ 18ویں بین الاقوامی کانفرنس ”فرنٹیئرز آف انفارمیشن ٹیکنالوجی 2021 “ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کوئی بھی ملک ماحول کی حفاظت، توانائی کے پائیدار ذرائع کی ترقی، لاعلاج بیماریوں کے خلاف جنگ، آبادی میں اضافے کے چیلنجز اور خوراک کی کمی جیسے انتہائی اہم اور مشکل مسائل کو اکیلے حل نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بین الاقوامی تعاون کے دوطرفہ معاہدوں کے ذریعے مقامی مسائل کے حل کے لیے تعلیمی اداروں اور مقامی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ تنظیموں کو سہولت فراہم کر رہی ہے۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور پالیسیاں ملک کے ہر فرد تک مواصلاتی ٹیکنالوجی کے فوائد پہنچا رہی ہیں۔ ممتاز ماہر تعلیم اور محقق پروفیسر ڈاکٹر عطاءالرحمٰن، ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر محمد ٹی افضل اور دیگر مقررین نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا اور ملک میں تحقیق اور ترقی کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے حکومتی کوششوں کو سراہا۔ کانفرنس میں فرانس، ہالینڈ، چین، آئرلینڈ، پرتگال، پاکستان، برطانیہ اور امریکہ کے بین الاقوامی محققین اور ماہرین تعلیم شرکت کر رہے ہیں، اس سال کانفرنس کا تھیم ”ڈیجیٹل پاکستان“ ہے۔