فیصل آباد ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی):انسانی حقوق اور وومن امپاورمنٹ بارے وزیر اعظم پاکستان کی مشیر مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ طاقت کے زور پرغزہ اور کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کی جارہی ہے اور وہاں بمباری اور راکٹ حملوں و فائرنگ سے معصوم و نہتے بچوں، خواتین، مردوں، بزرگوں و مظلوموں کا قتل عام کیا جارہا ہے لیکن عالم اقوام نے اس پر خاموشی اختیار کررکھی ہے لہٰذا غزہ اور کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے اس پر خاموش رہنے کی بجائے ہم سب کو ایک آواز ہوکر انسانی حقوق کی پامالیاں اور جبر روکنے کیلئے عملی قدم اٹھاناچاہیے کیونکہ آزادی بڑی نعمت ہے۔
منگل کی رات گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آبادکے زیراہتمام سپورٹس گراؤنڈ میں ڈرگ ایبیوز اویئرنیس اور وومن امپاورمنٹ کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہماری ایک محب وطن شہری کے طور پر بہت ذمہ داریاں ہیں کہ ہم حق اور سچ کے ساتھ ہوں۔انہوں نے کہا کہ عالم اقوام کو غزہ اور کشمیریوں کی آواز سننی چاہیے اور کشمیر اور غزہ کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ اور کشمیر سمیت جہاں بھی انسانی حقوق پامال ہورہے ہیں ایک مہذب سوسائٹی کے طور پر ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم یکجان ہو کر ان سب کیلئے آواز اٹھائیں تاکہ ظالم اور ظلم کا راستہ روکا جاسکے۔ڈرگ ایبیوز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کو ڈرگز کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا اشدضروری ہے جبکہ ان کو ٹیچرز کے بارے میں اور سوسائٹی کے متعلق ہر قسم کی اونچ نیچ سے آگاہی دینابھی معاشرے کی ذمہ داری ہے تاکہ تعلیمی اداروں اور بالخصوص طلباوطالبات میں ڈرگز کے معاشرتی، ذہنی، جسمانی، اخلاقی، انسانی نقصانات کا شعور پیدا کرکے انہیں اس لعنت سے دور رکھنے اور تعلیمی اداروں و سوسائٹی کو منشیات سے پاک کرناممکن ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ابھی چند روز قبل مینٹل ہیلتھ ڈے کا انعقاد کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ آپریشن سے ہمیں کیسے بچنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ امر تشویشناک ہے کہ معاشرے اور خصوصاًنوجوانوں میں ڈرگ ایبیوز کے کیسز بڑھتے جارہے ہیں اسلئے ہم پروگرام بنا رہے ہیں کہ تعلیمی اداروں میں ڈرگ سکلز پروگرام دیئے جائیں جس میں ڈرگ کونسلرزکی تعیناتی کی جائے تاکہ وہ کونسلنگ کر کے بچوں کو اس کے نقصانات سے آگاہ کریں۔انہوں نے کہاکہ ہماری ہیومن رائٹس سوسائٹی ہونی چاہیے کیونکہ ہمیں پتہ ہی نہیں چلتا کہ کس وقت ہم ڈرگز میں چلے جاتے ہیں اور وہ کون سی وجوہات ہیں جو نوجوان نسل کو اس دلدل میں دھکیل رہی ہیں اسلئے والدین کو اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھنی چاہیے تاکہ ان کے بچے اس قبیح فعل کا شکار نہ ہوں۔اس موقع پر وائس چانسلر گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آبادپروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔