حکومت توانائی کے بحران اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے، چیئرمین سینیٹ کی عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر سے ملاقات میں گفتگو

142
حکومت توانائی کے بحران اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے، چیئرمین سینیٹ کی عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ حکومت توانائی کے بحران اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے، مختلف شعبوں کی ترقی میں عالمی بینک کا تعاون لائق تحسین ہے، اقتصادی بحالی اور استحکام کیلئے ٹھوس پالیسیاں مرتب کر کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق یہ بات چیئرمین سینیٹ نے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بنحسائین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں توانائی، تعلیم، صحت اور ترقیاتی شعبوں میں جاری اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حکومت توانائی کے بحران اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے، مختلف شعبوں کی ترقی میں عالمی بینک کا تعاون لائق تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی بحالی اور استحکام کیلئے ٹھوس پالیسیاں مرتب کر کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، پاکستان میں تمام غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام ترسہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عوام کے نمائندوں کے طور پر پارلیمنٹیرینز کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے کوشش کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ورلڈ بینک گورننس اور سروس ڈیلیوری کے لے ادارہ جاتی اصلاحات میں پارلیمان اور حکومت پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک تکنیکی اور مالی امداد کے ذریعے ملک کی نوجوان آبادی کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے بہت اہم کردار ادا کر سکتا ہے، پائیدار ترقی کیلئے مشترکہ فریم ورک بنانے کیلئے پارلیمان اور ورلڈ بینک حکومت کو انگیج کرسکتی ہیں جس سے امداد کی افادیت میں مزید اضافہ ہوگا۔ ورلڈ بینک کنٹری کے ڈائریکٹر نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے، پائیدار ترقی اور توانائی کے بحران سے نکلنے کیلئے ورلڈ بینک پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔