
اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ حکومت توانائی کے شعبہ میں کاروبار میں آسانی، شفافیت اورمساوی مواقع کی فراہمی کے ذریعے تیل اور گیس کی پیداوار میں خود کفالت کے لئے کوشاں ہے، 15 نئے بلاکس کی نیلامی سے تین سال میں 7کروڑ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری آئے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں جمہوریہ چیک کے سفیر ٹوماس سمیتنکا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر توانائی اور جمہوریہ چیک کے سفیر نے پاکستان میں توانائی کے شعبہ سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔جمہوریہ چیک کے سفیر نے پاکستان میں تیل کے شعبہ میں سرمایہ کاری اور ایل این جی کی فراہمی میں چیک کمپنیوں کی طرف سے دلچسپی کا اظہار کیا۔عمر ایوب خان نے کہا کہ حکومت پٹرولیم اور بجلی کے شعبہ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے ٹھوس پالیسیوں پر عمل کررہی ہے اور توانائی کی مارکیٹ کو مسابقت کا حامل اور موثر بنانے کے لئے پرعزم ہے،ملکی وسائل سے استفادہ کرنے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے حوالے سے حکومتی حکمت عملی کے بارے میں انہیں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اس حکمت عملی سے بائو ماس ، سورج کی روشنی اور ہواسے 60 فیصد ، ہائیڈل سے 30فیصد اور تھرمل اور نیوکلر ذرائع سے 10فیصد بجلی پیدا کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ نئے بلاکس میں تیل اور گیس تلاش کرنے والی کمپنیاں سماجی خدمات کے شعبہ میں بھی لاکھوں ڈالر خرچ کریں گی۔