حکومت جی بی اور نیوٹیک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط، نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی و تکنیکی تربیت فراہم کی جائے گی

139
نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن

گلگت۔27ستمبر (اے پی پی):حکومت گلگت بلتستان اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے درمیان جی بی کے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی و تکنیکی تربیت کی فراہمی کے لئے ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔

مفاہمتی یاداشت پر گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ کیپٹن ( ر) مشتاق احمد اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کی جانب ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عامر جان نے دستخط کئے۔ اس موقع پر گلگت بلتستان حکومت کے سینئر وزیر برائے سیاحت و خوراک غلام محمد، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ناصر علی خان، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی ، سیکریٹری فنانس عزیز احمد جمالی اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے سینئر عہدیدارن بھی موجود تھے۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن نے جی بی سےفنی اور پیشہ ورانہ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کا کوٹہ دوگنا کرنے سمیت نیوٹیک کی جانب سے دیگر شعبوں میں بھی تربیت حاصل کرنے کےلئے فنڈز کی فراہمی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن گلگت بلتستان کے طلبہ کے لیے فنی تربیت اور تکنیکی مہارت حاصل کرنے کےلئے ایک خصوصی منصوبہ بھی شروع کرےگا تاکہ خطے کے نوجوان فنی و تکنیکی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کے حصول سے اندرون اور بیرون ملک میں روزگار کے بیش بہا مواقع سے مستفید ہو سکیں۔ مزید بر آں، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن گلگت بلتستان کے طلبہ کے لئے اندورن و بیرون ملک روزگار کے مواقع یقینی بنانے کےلئے مختلف تکنیکی شعبوں میں بین الاقوامی سرٹیفیکیشن کےلئے بھی معاونت فراہم کرے گا۔