24.7 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںحکومت حجاج کی سہولت کے لیے موبائل ایپلی کیشن کے اجرا کے...

حکومت حجاج کی سہولت کے لیے موبائل ایپلی کیشن کے اجرا کے ساتھ حج اخراجات کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، وفاقی وزیر انیق احمد

- Advertisement -

کراچی۔ 22 نومبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ حکومت حجاج کی سہولت کے لیے موبائل ایپلی کیشن کے اجرا کے ساتھ سہولیات پر سمجھوتہ کئے بغیر حج اخراجات کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔یہ بات انہوں نے بدھ کو حاجی کیمپ کراچی میں سہولیات کے معائنہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔دورے کے دوران انہوں نے حاجی کیمپ عمارت کے ڈھانچے کے حوالے سے کہا کہ حج اسلام کا ایک اہم ستون ہے۔اس عمارت میں حجاج کو تربیت اور سہولیات دی جاتی ہیں اس لیے اسے اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بغیر کسی قیمت کے تمام حجاج کوکیوآرکوڈ، 30کلو گرام کا سوٹ کیس فراہم کرے گی جو ان کے سامان کا پتہ لگانے میں مدد کرے گی۔اس کے علاوہ حکومت تمام خواتین حجاج کو پاکستان کے پرچم والا عبایا بھی فراہم کرے گی جس سے وہ نمایاں ہوں گی اور ملک کی نمائندگی کریں گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ وزارت آئی ٹی کے تعاون سے، ان کی وزارت ایک موبائل ایپلی کیشن شروع کرے گی جو حجاج کی درخواست کے اندراج سے لے کر حج کی تکمیل اور وطن واپسی تک ان کی رہنمائی کرے گی۔

- Advertisement -

اخراجات میں کمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا وژن ہے کہ تمام شہریوں کے لیے حج کو سستا بنانا ہے، اس لیے ان کی وزارت سہولیات اور معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر حج اخراجات کو کم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ کی رقم کم کی گئی ہے اور ان کی وزارت مزید کمی پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جو لوگ 20-22دن کے مختصر قیام کا انتخاب کریں گے، ان پر عام ریٹ سے کم چارجز عائد کئے جائیں گے۔

حج میں جگہ مختص کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم پرانے منیٰ کے علاقے میں جگہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ یہ نئے منیٰ کے مقابلے میں زیادہ قریب ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کرنے پر سعودی وزارت حج کا شکریہ اداکرتے ہیں۔روڈ ٹو مکہ کی سہولت پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد میں امیگریشن کی سہولت دستیاب تھی جسے کراچی ریجن تک بڑھا دیا گیا ہے اور جلد ہی لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں بھی یہ سہولت دستیاب ہو گی۔

 

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں